پشاور،محکمہ ایکسائز میں ایک ہی پوسٹ پر طویل عرصہ سے براجمان تمام افسران و اہلکاروں کے تبادلوں کا سلسلہ شروع

جمعرات 29 جون 2017 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز میں ایک ہی پوسٹ پر طویل عرصہ سے براجمان تمام افسران و اہلکاروں کے تبادلوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کی ابتداء مردان ریجن سے ہو چکی ہے تاکہ محکمہ میں کرپشن اور اقرباء پروری کے ا مکانات کم سے کم سطح پر لائے جا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ ریجن کی سطح پر بلا امتیاز تبادلوں کا سلسلہ شروع کیا جائے جبکہ اس سلسلے میں باالخصوص کرپشن کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے بصورت دیگر وہ خود ذاتی طور پر معاملات کو دیکھیں گے اور بدعنوانی یا فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران اور زیریں عملے کی سخت ترین سرزنش سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز اپنے دفتر چیف منسٹر سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ ایکسائز کی کمپیوٹرائزیشن اور عملے کی تربیتی سہولیات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔میاں جمشید الدین نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ ایکسائز کو پوری طرح فعال بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ ہر طرح کی جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے ۔اسی طرح محکمے کے تمام افسران اور کلرک سے لے کر درجہ چہارم تک کے ملازمین کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے تربیتی کورسز کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے انہیں محکمے سے کالی بھیڑوں اور گندی مچھلیوں کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک حوالے کیا ہے جسے ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور حالیہ تبادلے اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزیر ایکسائز نے حکام کو مزید تاکید کی کہ محکمے کے افسران اپنے ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھنے اور ماتحت عملے پر انحصار کرنے کی بجائے خود ذاتی نگرانی میں شاہراہوں اور چوراہوں پر فرائض انجام دیں تاکہ عملے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اس محکمے پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ان سے قریبی رابطہ اور حسن سلوک کے ساتھ ساتھ ان کی شکایات سے آگاہی اور ان کا مناسب حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز میں سزا و جزاء کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا جس کے تحت محنتی اور ایماندار عملے کی حوصلہ افزائی جبکہ کرپٹ اور نا اہل اہلکاروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :