خواجہ سعد رفیق کو پاکستان میں ہونے والی کرپشن نظر نہیں آتی ‘ شفقت محمود

کرپشن کے خلاف آوازبلندہوتو زیراعظم کے درباری اسے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ قرار دیتے ہیں‘ سینئررہنماپی ٹی آئی

جمعرات 29 جون 2017 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شفقت محمود نے کہاکہ خواجہ سعد رفیق کو پاکستان میں ہونے والی کرپشن نظر نہیں آتی، تحریک انصاف سی پیک کے خلاف نہیں بلکہ شریف فیملی کی کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہی ہے ، کرپشن کے خلاف آوازبلندہوتو زیراعظم کے درباری اسے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ قرار دیتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شفقت محمود نے کہاکہ پاکستان کی سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے جب تک اس سے چھٹکارا حاصل نہیں ہوجاتا ملکی معیشت میں بہتر ی ناممکن ہے، وزیراعظم اور ان کے درباری ملک کو لوٹ لوٹ کراپنی تجوریاں بھررہے ہیں ، مسلم لیگ (ن) نہیں بلکہ کرپشن لیگ ہے جس میں چور ، لٹیرے اور ملکی خزانے کو چونا لگانے والے موجود ہیں، شریف فیملی کے بزنس پروان چڑھ رہے ہیں جبکہ ملکی اداروں کا حکمرانوں نے بیڑہ غرق کردیا ہے، شریف فیملی کو کسی اورکی نہیں بلکہ کرپشن کی سزا ملنے والی ہے ۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے کہاکہ ملک پر حکمرانی کرنے والی شریف فیملی نے غریب عوام کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا ، موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری، چوری ، ڈاکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔انہوں نے سانحہ بہاولپور کو افسوسناک قرار دیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہبازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ترقی کا شور مچانے والوں نے جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں ایک بھی برن یونٹ نہیں بنایا جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، اشتہاری حکومت کی اشتہاروں میں ترقی نظر آتی ہے گرائونڈ لیول پر صرف شوبازیاں ہی شوبازیاں ہی ہیں،حکمران جتنا پیسہ اشتہاروں کے ذریعے اپنی مشہوری کے لئے خرچ کررہے ہیں اتنے پیسوں میں جنوبی پنجاب میں نئے ہسپتال بنائے جاسکتے تھے، قوم کے ٹیکسوں کااربوں روپے ضائع کرکے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے ۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف کو پارا چنار ، کوئٹہ کا بھی دورہ کرنا چاہئے تھا اور انہیں بھی امداد ی چیک خود تقسیم کرنے چاہئیں تھے ، پنجاب میںسستی شہرت کے لئے چیک تقسیم کئے جاتے جبکہ پارا چنار ، کوئٹہ اور کراچی کے سانحات پر نوازشریف کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی حکومت غریب عوام کے مسائل حل کرنے میںبُری طرح ناکام ہوچکی ہے ، (ن) لیگ کی حکومت پنجاب پولیس کو غیر سیاسی بنانے میں ناکام رہی ہے ، نوازشریف حکومت پی آئی اے ، سٹیل ملز ،ریلوے کو بہتربنانے میں ناکام رہی ہے ۔

شفقت محمود نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، عمران خان پرتنقید کرکے یہ اپنی کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے ، اب وقت آگیا ہے کہ کرپشن کرنے والے جلد انصاف کے کٹہرے میں ہوںگے۔