کامرس ڈیسک)

پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس 379.54 پوائنٹس کے اضافے سے 46711.85 پوائنٹس پر بند

جمعرات 29 جون 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 379.54 پوائنٹس کے اضافے سے 46711.18 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 88 ارب 79 کروڑ 91 لاکھ 2 ہزار 1 روپے کا اضافہ ہوگیا تاہم تجارتی حجم میں 74 کروڑ 68 لاکھ 15 ہزار 945 روپے کی کمی رونماء ہوئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 10 کروڑ 74 لاکھ 66 ہزار 360 حصص کی مندی رہی۔

تفصیلات کے مطابق عید الفطر اور ہفتہ وار تعطیلات کے بعد جمعرات کو پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز ہوا۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پی ایس ایکس میں حصص کی خرید و فروخت تیزی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 379.54 پوائنٹس کے اضافے سے 46711.85 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 269.13 پوائنٹس کی تیزی سے 24445.18 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 190.18 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 499.76 پوائنٹس کی تیزی رونماء ہوئی۔ مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 556.30 پوائنٹس کے اضافے سے 19308.72 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 391.84 پوائنٹس کی تیزی سے 15929.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس70.42 پوائنٹس کے اضافے سے 22609.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 356 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 120 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 216 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 200 روپے کے اضافے سے 10400 روپے پر بند ہوئی۔

اسی طرح پیلپس مورس پاک کے حصص کی سودے بھی 130 روپے کی تیزی سے 2730 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور اٹلس بیٹری کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 42.14 روپے کی مندی سے 1973.50 روپے اور اٹلس بیٹری کے حصص کی قیمت بھی 39 روپے کی کمی سے 900 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 47 لاکھ 49 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 42 روپے سے شروع ہو کر 40.01 روپے پر بند ہوئی جبکہ بینک آف پنجاب (ر) کے 1 کروڑ 10 لاکھ 8 ہزار 500 حصص کے سودے 0.05 روپے سے شروع ہو کر 0.05 روپے پر ہی بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 18 کروڑ 74 لاکھ 4 ہزار 200 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 12 ارب 59 کروڑ 26 لاکھ 98 ہزار 641 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 94 کھرب 17 ارب 77 لاکھ 53 ہزار 274 روپے سے بڑھ کر 95 کھرب 5 ارب 80 کروڑ 68 لاکھ 55 ہزار 275 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 124 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 18 کروڑ 71 لاکھ 29 ہزار 871 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔