سب مل کر ورلڈ کپ 1992 اور چیمپئنز ٹرافی 2017 میںیکسانیت پیدا کرنے کے شوق میں تاریخ کو مسخ کرنے کا سبب بن رہے ہیں

چیئرمین پاکستان کوئز سوسائٹی پروفیسر حافظ نسیم الدین کا بیان

جمعرات 29 جون 2017 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) نامور محقق ، پاکستان کوئز سوسائٹی کے بانی چیئرمین استاد الاساتذہ پروفیسر حافظ نسیم الدین نے الیکٹرانک، پرنٹ و سوشل میڈیا کی یادداشت و معلومات پر حیرانی و تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب مل کر ورلڈ کپ 1992 اور چیمپئنز ٹرافی 2017 کے حوالے سے اتفاقی یکسانیت پیدا کرنے کے شوق میں غلط اسلامی تاریخ اجاگر کر کے تاریخ کو مسخ کرنے کا سبب بن رہے ہیں، قومی اخبارات کے 25 سال پرانے شمارے نکال کر تصدیق کی جاسکتی ہے جس پر انگریزی کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخیں بھی درج ہوتی ہیں، حقائق وہ نہیں جو بیان کئے جارہے ہیں۔

بروز جمعرات حافظ نسیم نے واضح کیا کہ ورلڈکپ 1992 میں پاکستان نے 20 رمضان کو کامیابی حاصل کی تھی، میلبورن آسٹریلیا میں اس فتح کے روز وہاں اکیسواں اور پاکستان میں بیسواں روزہ تھا جبکہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فتح کے وقت پاکستان میں بائیسواں اور میزبان ملک برطانیہ میں تئیسواں روزہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا اپنی معلومات کے مستند ہونے پر نازاں رہتا ہے لیکن درستگی کے عمل سے یکسر عاری ہے اور تحقیق و تصنیف کے حوالے سے بہت بڑے بڑے شناور، ترجمان حق گوئی و بیباکی اور علمبردارانِ سچائی بھی اس غلطی پر زبانوں کو تالے لگائے بیٹھے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کے حوالے تلاش کرکے اپنی اغلاط کی تصحیح کرلی جائے ورنہ تاریخ، غلط تاریخ بیان کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :