کھیلوں کے فروغ وترقی کیلئے نئے منصوبوں پر جلد آغاز ہوگا، جنید خان

بجٹ میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈی جی سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا

جمعرات 29 جون 2017 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا جنید خان نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں گزشتہ روز پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں سپورٹس کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر بہت کام کیا جائے گا اس کے لئے منصوبے رکھے گئے ہیں ڈویژنل سطح پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے ‘کوہاٹ میں آئندہ ماہ جولائی میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا افتتاح پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کریں گے اس کے ساتھ مردان میں کام جاری ہے ‘مردان میں سکواش کورٹس کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی ‘ڈی آئی خان ‘بنوں اور کوہاٹ میں سکواش کورٹس کو بہتر بنایا جائے گا ‘کوہاٹ ‘ڈی آئی خان اور بنوں میں ٹارٹن ٹریک بھی ڈالے جائیں گے ایبٹ آباد کے ہاکی گرائونڈ‘سکواش کورٹس اور کمپلیکس کی تزئین و آرائش کی جائے گی سوات میں بھی جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا ایبٹ آباد اور سوات کے سپورٹس کمپلیکس کو سمر کیپٹل بنایا جائے گا اور گرمیوں میں ان علاقوں میں سرگرمیاں زیادہ کرائی جائیں گی انہوں نے کہا کہ تحصیل گرائونڈز میں اب تک تقریبا پچاس مکمل ہوچکے ہیں جس سے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع میسر آئیں گے اس کے ساتھ پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں تزئین و آرائش اور تعمیر کے منصوبے جاری ہیں ‘پشاور میں سینتھٹک ٹینس کورٹس بھی جلد ہی تیار ہوجائیں گے جن پر کام شروع کر دیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں مزید بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اس کے ساتھ ساتھ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کا انتظامی ڈھانچہ بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں مختلف اسامیوں کی اپ گریڈیشن اور اس میں سٹاف کی بھرتی کی جائے گی تمام نئے سپورٹس کمپلیکس کے لئے سٹاف ‘کوچز وغیرہ بھرتی کئے جائیں گے اس سلسلے میں جلد ہی پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پریزینٹیشن جلد دی جائے گی جس کی وہ باقاعدہ منظوری دیں گے جس کے بعد تمام اقدامات کا آغاز کیا جائے گا جس سے کھیلوں کے فروغ و ترقی میں بھرپور مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :