اے این ایف نے 7 ملک گیر کارروائیوں کے دوران 8 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمدکر لی

منشیات کے جرائم میں ملوث خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار، 1 گاڑی ضبط

جمعرات 29 جون 2017 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں کی گئی 7 کاروائیوں کے دوران 8 کروڑ 70 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی منشیات برآمد کر لیں، جن میں 64.33 کلو گرام چرس،2.25 کلو گرام آئس اور 460 گرام ہیروئن شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 1 گاڑی بھی ضبط کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر مبنی کاروائی کے دوران تحصیل خانوزئی، ضلع پشین میں خانوزئی روڈ پر واقع زیارت کراس کے قریب ٹویوٹا کار کو قبضے میں لے کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 60 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشین کے رہائشی جاوید احمد اور یعقوب نامی 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف راولپنڈی نے چونگی نمبر 26 بس اسٹاپ، اسلام آباد کے قریب کی گئی کاروائی کے دوران خیبر ایجنسی کے رہائشی رئیس خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 3.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران لاہور کے رہائشی مسافر محمد نذیر اور اس کی ساتھی خاتون شوکیہ شہزادی نامی خاتون کو گرفتار کر کے ان کے سوٹ کیسوں میں موجود 1.05 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔ملزمان سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر SV-735 کے ذریعے جدہ روانہ ہو رہے تھے۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع کارگو شیڈ سے ہالینڈ جانے والے ایک عدد پارسل کو تحویل میں لیکر اس میں موجودکھیلوں میں استعمال ہونے والے شن پیڈز اور دستانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 460 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

اے این ایف پشاور نے پشاور ایئرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے شاہین ایئرلائن کی پرواز نمبر NL-721 سے جدہ روانہ ہونے والے لیاقت علی نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.075 کلو گرام آئس برآمد کر لی ، جو کہ ملزم نے اپنے سوٹ کیس میں چھپا رکھی تھی۔ اے این ایف پشاور نے پشاور ایئرپورٹ پر دوسری کاروائی کرتے ہوئے شاہین ایئرلائن کی پرواز نمبر NL-721 سے ابو ظہبی روانہ ہونے والے کرک کے رہائشی کرامت خان نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے سوٹ کیس سے 440 گرام چرس برآمد کر لی ۔

علاوہ ازیں اے این ایف پشاور نے پشاور ایئرپورٹ پراے ایس ایف کے تعاون سے کی گئی کاروائی کے دوران شاہین ایئرلائن کی پرواز نمبر 756 سے دبئی روانہ ہونے والے سپین محمد نامی مسافر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سی390 گرام چرس برآمد کر لی ، جو ملزم نے اپنے جوتوں میں چھپا رکھی تھی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :