پانا مہ چورحکمران کسی صورت بچ نہ پائیں گے، انہیں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا ہوگا ‘اعجازچوہدری

نام نہاد ترقی کے دعوے دار جھوٹ کا پلندہ ہے عوام حکمرانوں کی اصلیت جان چکے ہے ‘تقریب سے خطاب

جمعرات 29 جون 2017 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء)پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ پانا مہ چورحکمران کسی صورت بچ نہ پائیں گے یہ سارے کریمنل ہے اور اسی لیے انکی کریمنل انویسٹی گیشن کی جا رہی ہے انہیں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا ہوگا ، پانامہ چور ٹولہ اپنے انجام کو پہنچے گا ، تحریک انصاف کا قوم سے وعدہ ہے کہ ان سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب لیا جائے گا ۔

وہ گزشتہ روز پی پی 153کے رہنما امجد خان کی طرف سے کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی نے مجید اچکزئی نے اپنی گاڑی کے نیچے ڈیوٹی پر معمور ٹریفک اہلکار کو کچل ڈالا اور اب نام نہاد صلح کا ڈرامہ کر کے اپنے آپ کو بچا رہے ہیں کوئی مجرم کتنا بھی بڑا کیوں نہ ہو وہ قانون سے بالاتر نہیں ،دیت کے قانون کا اس طریقے کار سے کوئی تعلق نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے سی زیارت کس حیثیت سے لواحقین کے پاس گئے ، سپریم کورٹ کا از خود نوٹس لینا خوش آئند عمل ہے ، شریعت کی روح سے یہ قتل عمد ہے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اعجا زاحمد چوہدری نے مزید کہا کہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جیل میں عام آدمی سے ملنے کی بھی اجازت نہیں جبکہ ملکی قوانین انہیں ملنے کی اجازت دیتے ہے ،موجودہ حکمرانوں نے اپنے آپ کو مظلوم شو کرنے کے لئے ایک تصویر سامنے آنے پر ہنگامہ کھڑ ا کر دیا تھا ،آج حکمرانوں کا دوہرا معیار عوام کے سامنے کھل کر آ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملکی اداروں کو تباہ کرنے ساتھ اپنا غلام بنا رکھا ہے ،نام نہاد ترقی کے دعوے دار جھوٹ کا پلندہ ہے عوام حکمرانوں کی اصلیت جان چکے ہے ۔