صوبائی حکومت عوام کو علاج معالجے کیلئے جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، محمود خان وزیر کھیل خیبرپختونخوا

جمعرات 29 جون 2017 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں عوام کو علاج معالجے کے بہتر اورجدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے بجٹ میں شعبہ تعلیم اور صحت کی مد میں کثیر رقم مختص کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذاکر خان شہید تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مٹہ سوات میں بلڈ بینک کی افتتاح کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحصیل مٹہ سوات کے ناظم عبداللہ خان ، ضلعی و تحصیل کونسلرز کے علاوہ عمائدین اور عوام بھی موجود تھے ۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 13کروڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال ہذٰا کو اپ گریڈ کرکے تمام جدید سہولیات فراہم کی ہے جس سے تحصیل مٹہ کے عوام کو جدید طبی سہولیات دہلیز پر فراہم ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح 10 کروڑ روپے کی لاگت سے دارمئی بی ایچ یو کو اپ گریڈ کرکے آر ایچ سی کا درجہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت انصاف کارڈ بھی فراہم کی ہے ۔ بعد ازاں محمود خان ہسپتال کے مختلف شعبوں میں گئے اور ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے سہولیات کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا ۔

اس موقع پر ذاکر خان شہید تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ کے انچارج ڈاکٹر سیلم خان نے صوبائی وزیر کو ہسپتا ل میں مریضوں کی علاج ، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ محمود خان نے ہسپتال میںعلاج معالجے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عملہ سے کہا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر مریضوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دیں۔ قبل ازیں انہوں نے تحتی کی نقاب کشائی کرکے بلڈ بینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :