’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت 2018ء تک سرکاری سکولوں میں36ہزار اضافی کلاس رومز مہیا کئے جائینگے ‘رانا مشہود احمد

جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

جمعرات 29 جون 2017 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اس حوالے سے’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت 2018ء تک سرکاری سکولوں میں36ہزار اضافی کلاس رومز مہیا کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماڈل کلاس رومز میں جدید سولر سسٹم اور سمارٹ بورڈز بھی نصب کئے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل سکول فار گرلز ، ماڈل ٹائون میںماڈل کلاس رومز کی تعمیر کے جائزہ کے موقع پر کہی۔صوبائی وزیررانا مشہود احمد خاں نے سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک، سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر، چیف ایگزیکٹیو ایجوکیشن آفیسر لاہور بشیر گورایہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل سکول فار گرلز ماڈل ٹائون میںاضافی کلاس رومز اور واش رومزکی تعمیر کے عمل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے طالب علموں کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی اور معیاری تعلیم میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر اور جدید سہولیات کے استعمال سے طلباء کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پنجاب نوجوانوں کے پائیدار مستقبل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر رانا مشہود نے چین کے تعاون سے یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے دوران جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان آنے والے چینی وفد کی آمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چینی وفد یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قیام ا ور پنجاب کے 39سرکاری سکولوں میں ووکیشنل ٹریننگ کورسز متعارف کروانے کے عمل میں تکنیکی معاونت کو حتمی شکل دے گا- اس پروگرام کا مقصد طالب علموں کو بہترین فنی تعلیم و تربیت کے ذریعے باعزت روز گار کے قابل بنانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :