ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان گرفتار،لاکھوں روپے مالیتی زیورات ، نقدی، گھریلوسامان اور کار برآمد

جمعرات 29 جون 2017 17:40

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) سٹی ایریا کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والا گینگ سرغنہ شبیر حسین سمیت تین ملزمان گرفتارکر لیا گیا لاکھوں روپے مالیت زیورات ، نقدی، گھریلوسامان اور کار برآمدکرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا سٹی ایریا میں گھروں میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش ِنظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایت پر اے ایس پی سٹی حفیظ الرحمن بگٹی کی زیرِ نگرانی ،ایس ایچ او ساجد شہید انسپکٹر ثقلین شاہ ،ایس ایچ او کینٹ امیر احمد خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔

ٹیم نے دن رات محنت کرکے شہریوں سے اسلحہ کے زور پرگھروں میں گھس کر نقدی ،زیورات، موبائل فون اور گاڑی چھیننے والا ڈکیت گینگ سرغنہ شبیر حسین ولد صادق حسین قوم راجپوت سکنہ چک نمبر25جنوبی کو تین ساتھیوںریاض الدین سکنہ شیخوپورہ، محمد امین سکنہ ضلع گوجرنوالہ،قیصرشہباز سکنہ ضلع گجرات کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے شہریوں سے چھینے لاکھوں روپے مالیتی زیورات، نقدی ، گھریلوسامان اور گاڑی برآمد کر لی اور ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ملزمان میں سے سرغنہ سمیت ملزم ریاض الدین کو حوالات جوڈیشل بھجوایا گیا ہے جبکہ بقیہ دو ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ایس پی سٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور سرگودھا پولیس اپنی اس ذمہ داری سے پوری طرف آگاہ ہے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ سرگودھا سٹی ایریا کو کرائم فری بنانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔

متعلقہ عنوان :