چئیرلفٹ حادثے کا مقام خیبر پختونخوا میں ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے افسران موقع پر پہنچے

ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے سٹاف نے دشوار گزار علاقے میں جا کر میتوں اور زخمیوں کو نکالا

جمعرات 29 جون 2017 17:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) مری کے علاقے چھرہ پانی سے ملحقہ پہاڑی مقام بنواڑی میں جمعرات کو دن پونے بارہ بجے کے قریب نجی طور پر قائم کی گئی ایک مسافر لفٹ کے گرنے کے المناک سانحے کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، اسسٹنٹ کمشنر مری عار ف اللہ اعوان دیگر عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور خیبر پختونخوا کے علاقے میں مقامی طور پر مسافروں کی آمد و رفت کے لئے قائم کی گئی مسافر لفٹ کے گرنے کے افسوسناک سانحے کی امدادی کارروائیوںکی تفصیلات حاصل کیں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کے ہر ممکن علاج معالجے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو تاکید کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ حادثے کا مقام صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع ہونے کے باوجود تحصیل مری و ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے افسران موقع پر پہنچے اور ریسکیو1122 اور دیگر اداروں کے سٹاف نے دشوار گزار علاقے میں نیچے جا کر میتوں اور زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا ․ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق بنواڑی تحصیل حویلیاں , ضلع ایبٹ آباد , خیبر پختونخوا میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر لفٹ میں کل 12 افراد سوار تھے جن میں سے 10 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔