وزیراعظم محمد نواز شریف کو فلسطین کے صدر محمود عباس کا ٹیلی فون

بہاولپور میں پیش آنے والے آئل ٹینکر کے حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

جمعرات 29 جون 2017 16:56

وزیراعظم محمد نواز شریف کو فلسطین کے صدر محمود عباس کا ٹیلی فون
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کو جمعرات کے روز فلسطین کے صدر محمود عباس نے ٹیلی فون کیا اور بہاولپور میں پیش آنے والے آئل ٹینکر کے حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بہاولپور کا واقعہ بہت المناک ہے جو عیدالفطر کے موقع پر پیش آیا، پوری قوم اس افسوسناک واقعہ پر غمزدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے۔ وزیراعظم نے تشویش اور ہمدردی کے اظہار پر فلسطینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے فلسطین کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کی آزادی کے جائز نصب العین کی ہمیشہ حمایت کی اور وہ اس جدوجہد میں فلسطین کے برادر عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔