صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی ون ویلنگ کرنے والے خلاف کریک ڈائون کیا گیا، سی پی او راولپنڈی

جمعرات 29 جون 2017 16:56

صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی ون ویلنگ کرنے والے خلاف کریک ڈائون ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی ون ویلنگ کرنے والے خلاف کریک ڈائون کیا گیا اور راولپنڈی پولیس نے عید کی چھٹیوں کے دنوں میں ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف جامع کاروائی کے تحت پیر سے بدھ تک 57افراد کے خلا ف مقدمات درج کئے اور تھانہ کینٹ کے علاقہ میں بدھ کے روز 20موٹر سائیکل سواروں اور 12کارڈرائیوروں کے خلاف ون ویلنگ اور سکیڈنگ کرنے پر کاروائی میں لائی گئی۔

انہوں نے راولپنڈی پولیس کے اہلکاروں کو جامع حکمت عملی مرتب کر نے اور ون ویلنگ کے خلاف بروقت کاروائی پر مبارکباد بھی پیش کی۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے کہا کہ گذشتہ تجربات کی روشنی میں راولپنڈی پولیس نے اس مرتبہ مری روڈ پر کمیٹی چوک اور چاندنی چوک پر بیرئیر کھڑے کرکے ٹریفک کا رخ بدل دیا اور منچلے نوجوانوں کیلئے ایسا موقع ہی نہ مل سکا کہ وہ موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ یا گاڑیوں پر سکیڈنگ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے صدر کی مارکیٹ بند رہی جس کے وجہ سے یہاں بھی ون ویلننگ کا احتمال ہو سکتا تھا اور راولپنڈی پولیس نے صدر کے علاقہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ بدل دیا اور منچلے نوجوانوں کو ان جگہوں پر بھی جان لیوا کھیل میں ملوث ہونے کا موقع نہ مل سکا۔ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نوجوان بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور ان کو ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل سے روکیں کیونکہ یہ قاتل کھیل ہر سال سینکڑوں نوجوانوں کی جان لے لیتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ون ویلنگ یا سکیڈنگ کرنے پر موٹر وہیکل آرڈیننس کی سکیشن 99-A کے تحت قانون شکنی کرنے والوں کو چھ ماہ سے دوسال تک قید یا دس ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔