بارشیں گھروں میں ڈینگی مچھر، چکن کنیا اور زیکا مچھر کی افزائش کی آماجگاہوں کا سبب بن سکتی ہیں، ڈاکٹر فیاض احمد بٹ

جمعرات 29 جون 2017 16:56

بارشیں گھروں میں ڈینگی مچھر، چکن کنیا اور زیکا مچھر کی افزائش کی آماجگاہوں ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر فیاض احمد بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ بارشیں گھروں میں ڈینگی مچھر کے علاوہ چکن کنیا اور زیکا مچھر کی افزائش کی آماجگاہوں کا سبب بن سکتی ہیں لہذا شہری الرٹ ہوجائیں اور اپنے گھروں کو صاف اور خشک بنائیں۔ انہو ںنے کہاکہ گھروں کی چھتوں پر موجود کاٹھ کباڑ کو مناسب انداز میں ختم کریں اورگملوں، ائر کولروں، اور گھروں کی چھتوں پر موجود ٹینکیوں اور زیر مین واٹر ٹینک کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ڈینگی مچھر اور دیگر مچھر وں کی افزائش ممکن نہ ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈینگی مہم کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر فیاض احمد بٹ کہا کہ محکمہ صحت نے انڈور اور آئوٹ سرویلنس کا مذید تیز کر دیا ہے اوراس ضمن میں تمام ٹیموں کا ہدایات جاری کر دی ہیں اور ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ڈینگی راولپنڈی کے عوام اور سرکاری محکموں کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے اور اس سے مناسب انداز میں نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام محکمے اور عوام اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور اپنے اپنے حصے کے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے علاوہ چکن کنیا اور زیکا مچھر سے بھی بچنا ہے اور ہر شہری اپنے گھر کے اندر اور اردگرد کے ماحول کو مچھروں سے آزاد بنائے اور اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری طرح سرانجام دیں۔

انہوںنے کہاکہ ہر شہری روزانہ تھوڑا سا وقت اپنی گھر کی صفائی اور خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں پانی کھڑا ہو سکتا ہے اور مچھر کی افزائش ہو سکتی ہے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور روزانہ کی تھوڑی سی ذمہ داری ہمیں اور ہمارے گھر والوں کو کسی بڑی مصیبت سے بچا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :