پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، موسم گرما کے ٹور پیکیج کے باعث شمالی علاقہ جات سیاحوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی عبدالغفور کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعرات 29 جون 2017 16:48

پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے موسم گرما کے ٹور پیکیج کے باعث شمالی علاقہ جات مسلسل سیاحوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں اور سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے باعث ملک بھر سے پرکشش تفریحی مقامات کی جانب امڈ آنے والے سیاحوں کی پی ٹی ڈی سی بھرپور میزبانی میں مصروف عمل ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالغفور نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ڈی سی نے موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ٹور رعایتی پیکیج کا اعلان کر رکھا تھا اور پی ٹی ڈی سی کے مختلف موٹلز میں رہائش، کھانے اور نقل و حمل کے علاوہ ریسٹ ہائوسز کے نرخوں میں 20 فیصد تک رعایت دے رکھی تھی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحوں کی بڑی تعداد ملک بھر سے شمالی علاقہ جات کے تفریحی مقامات کی سیر کو آئی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد نے موٹلز اور ریسٹ ہائوسز بک کرائے ہوئے ہیں اور پہاڑی مقامات اور شمالی علاقہ جات کے پرفضاء تفریحی مقامات کی سیر و سیاحت میں مصروف ہیں۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ ملک کے شمالی علاقہ جات بشمول مری، نتھیا گلی، شوگران، راولاکوٹ، نیلم وادی، گلگت بلتستان میں مقامی سیاحت میں بے پناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں 50 سے 60 ہزار سیاحوں کی آمد رواں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران توقع کی جا رہی ہے جبکہ ایبٹ آباد، سوات، ناران، شوگران اور کاغان میں 30 سے 40 ہزار مقامی سیاحوں کی تعداد متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بچوں کی تعطیلات بھی مقامی سیاحوں کی تعداد بڑھنے کی ایک وجہ ہے تاہم پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پی ٹی ڈی سی کے موٹلز میں سیاحوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے اور 60 کمروں پر مشتمل ناران موٹلز میں بھی یہی صورتحال ہے اور یہ موٹل دریائے ناران کے کنارے پر واقع ہونے کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں سیاح ناران کے دلکش مناظر اور پرفضاء اور پرامن ماحول میں سیر و سیاحت کیلئے آتے ہیں جو پی ٹی ڈی سی کے مہمان ہیں اور پی ٹی ڈی سی ان کی مہمان نوازی کی ذمہ داری بطور احسن سرانجام دے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :