نیب نے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ کے میزبان کے خلاف پیمرا میں شکایت درج کرا دی

جمعرات 29 جون 2017 16:36

نیب نے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین نیب اور ادارے کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ کے میزبان کے خلاف پیمرا میں شکایت درج کرا دی ہے۔ نیب نے پیمرا میں درج کرائی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ کے میزبان مبشر لقمان نے 28 جون کو رات 10 بجے سے 11 بجے کے دوران اپنے پروگرام میں چیئرمین نیب کی ذات اور نیب کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات نشر کئے، ان الزامات کا مقصد چیئرمین نیب اور ادارے کے وقار کو عوام کے سامنے مجروح کرنا ہے۔

مزید برآں نجی چینل نے نیب کا مؤقف نہیں لیا جو کہ پیمرا کے الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015ء کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹر/میزبان کی یہ پہلی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پروگرام کو نشر کرنے سے پہلے عوام کے سامنے درست معلومات اور اعداد و شمار پیش کرے اور اسے خبر کے پس منظر کی تصدیق کرنی چاہئے تاہم اس پروگرام کے میزبان نے بغیر تصدیق اور ریکارڈ کے بے بنیاد الزامات لگائے۔

چینل انتظامیہ اور پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ کے میزبان نے پیمرا کے ضابطہ اخلاق 2015ء کے سیکشن 3 (1)، سیکشن 4 (9) (flag-A) اور سیکشن 22 (1)، (3) اور(4) (b,c,n,d) کی خلاف ورزی کی ہے۔ حقیقت میں میزبان اور چینل 24 نیوز ایچ ڈی کی انتظامیہ چیئرمین نیب کے خلاف گمراہ کن الزامات لگا کر اپنے قانونی، پیشہ وارانہ اور اخلاقی فرائض کی ادائیگی میں بری طرح ناکام رہے ہیں اورصرف مسلسل الزام تراشی کر رہے ہیں۔ نیب نے پیمرا سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ چینل اور پروگرام کے میزبان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :