دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کے اقدامات و قربانیاں قابلِ ستائش ہیں‘محمد ناصر حمید خان

جمعرات 29 جون 2017 15:12

دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کے اقدامات و قربانیاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ٹھوس اقدامات اور ان گنت قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک و قوم کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

جنرل قمرباجوہ مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علماء کرام سے ملاقاتیں کرکے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام سے خائف ہیں اور اسے ناکام بنانے کی گھنائونی سازش کررہے ہیں لیکن حکومت اور مسلح افواج کے فوری اقدامات اور بہترین حکمت عملی کی وجہ سے وہ اپنے عزائم پورے نہیں کرپارہے۔

(جاری ہے)

محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ ساری قوم دہشت گردی کے سانحات میں جاں بحق شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اٴْن اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے ملک کو تحفظ دینے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو ناکامی سے منسلک نہ کیا جائے کیونکہ قلیل وقت میں مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ملک و قوم سے وابستگی ثابت کی ہے۔

وہ وقت دور نہیں جب ملک میں سے دہشت گردی سرے سے ختم ہوجائے گی۔ ناصر حمید خان نے کہا فوری طور پر دہشت گردی کے نیٹ ورک تک پہنچ کر اور لاتعداد دہشتگردوں کو ہلاک کرکے پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دنیا پر یہ واضح کردیا ہے کہ وہ ملک کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام مل کر ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کا محاسبہ کریں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر نے اُن عناصر کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو دہشت گردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے گھنائونے واقعات مسلح افواج ، حکومت اور قوم کے عظیم الشان حوصلے کو پست نہیں کرسکتے۔