سی پیک پر کام کی رفتار قابل تعریف ہے،احسن اقبال

جمعرات 29 جون 2017 15:05

سی پیک پر کام کی رفتار قابل تعریف ہے،احسن اقبال
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) پر جس تیز ی سے کام ہورہا ہے وہ قابل تعریف ہے،اس سے دونوں ممالک کے اس خلوص کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ اپنے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے رکھتے ہیں۔یہ بات خاص طورپر قابل ذکر ہے کہ جلد نتائج دینے والے کئی منصوبے سی پیک کے تحت شیڈول سے پہلے مکمل کئے گئے ہیں جو نیک شگون ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور ماہرین نے ڈالیان میں سالانہ سمرڈیوس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو چین کے شمال مشرقی صوبے لیائوننگ میں واقع ہے، ان ماہرین جن میں پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال بھی شامل تھے نے سی پیک پر کام کی تعریف کی ۔احسن اقبال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبے کے فوائد سامنے آرہے ہیں اور بہت ممکن ہے کہ پاکستان بہت جلد اپنے بڑے مسائل جن میں لوڈشیڈنگ بھی شامل ہے پر قابو پا لے گا ، سی پیک چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم حصہ ہے جس کے ذریعے علاقائی رابطے تیز اور ان ممالک اورخطوں کے درمیان بنیادی ڈھانچہ بہتر ہو رہا ہے جس سے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے روٹ پر واقع ممالک کے شہریوں کو بے مثال فوائد حاصل ہو ں گے اور مقامی معیشت کو ابھرنے کا موقع ملے گا ۔

(جاری ہے)

اعلیٰ حکام کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ بروقت منظر عام پر آیا ہے جب خطے کے ترقی پذیر ممالک اپنی معیشت کو ترقی دینے کیلئے مختلف عناصر کی تلاش کی کوشش کررہے تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے لئے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ نئی ضروریات سے نمٹنے اور نئی مارکیٹوں تک پہنچنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، سی پیک عام لوگوں کی زندگی میں انقلاب لارہا ہے اور یہ ہماری اقتصادیات کو نئی توانائی بخش رہا ہے ، مثال کے طورپر پاکستان میں توانائی کا بحران کم ہو گیا ہے،سکول اور طبی ادارے پہلے سے بہتر ہو گئے ہیں ، آمدنی میں بہتری ہو گئی اور سفر کرنے میں بڑی بچت ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :