سابق گورنر پنجاب کے اٹک میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے اعلان پر15سالوں میںبھی عملدرآمد نہ ہو سکا

جمعرات 29 جون 2017 14:19

سابق گورنر پنجاب کے اٹک میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے اعلان ..
اٹک چھچھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2017ء) سابق گورنر پنجاب کے اٹک میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے اعلان پر 15سال گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہ ہو سکا ، چھچھ اور ضلع اٹک کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو شدید دشواری اور مالی نقصانات کا سامنا، کیمپس کا اعلان لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید کے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بطور مشیر دورانیئے میں انکے ڈیرہ پر منعقدہ تقریب میں کیا تھا،شجاع خانزادہ شہید صاحبزادے صوبائی وزیر جہانگیر خانز ادہ بھی وزارت کے قلمدان کے باوجود پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے کچھ نہ کر سکے، تفصیلات کے مطابق طلبہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ بی اے، بی ایس سی اور ایم اے، ایم ایس سی کا امتحان ہر سال پنجاب یونیورسٹی کے توسط سے دیتے ہیں اور اگر داخلہ فارم میں کوئی کمی یا غلطی ہو تو اس کے حل کیلئے لاہور جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ناصرف قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ والدین کو بھی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے ، یاد رہے کہ تقریباً 15 سال قبل سابق گورنر پنجاب خالد مقبول نے صوبائی وزیر کرنل شجاع خانزادہ شہیدکے ڈیرہ پر انکی موجودگی میں بھرے پنڈال میں پنجاب یونیورسٹی کے علاقائی دفتر کا اعلان کیا تھالیکن اس پر تاحال عمل درآمد نہ ہو سکا ،اس حوالہ سے جب صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اٹک کیمپس کے قیام کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں جبکہ جلد ہی عوام کو خوشخبری دیں گے ۔