قانون توڑنا فیشن بن چکا ، اسکی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے ‘ گلوکار ابرار الحق

جمعرات 29 جون 2017 13:56

قانون توڑنا فیشن بن چکا ، اسکی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے ‘ گلوکار ابرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ قانون توڑنا فیشن بن چکا ہے ، اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے ، تجاوزات کی وجہ سے بھی مسائل بڑھ رہے ہیں اسے بھی نہ روکا گیا تو یہ بھی فیشن بن جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ نوجوان طبقے میں قانون توڑنے کا رحجان زیادہ ہے ، قانون توڑنا ناصرف جرم ہے بلکہ گناہ بھی ہے اور اسی وجہ سے بعض اوقات بڑے حادثات رونما ہو جاتے ہیں ، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے قانون کا احترام کریں ۔

ابرار الحق نے کہا کہ تجاوزات بھی ایک جرم ہے جس کو موقع ملتا ہے وہ تجاوزات قائم کر لیتا ہے اور بڑے بڑے شہر تجاوزات سے بھرے پڑے ہیں اور کوئی بھی اس طرف توجہ نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے ہمارے شہروں کا حسن برباد ہو گیا ہے 80فٹ کی سڑک تجاوزات کی وجہ سے 10سے 15فٹ تک رہ جاتی ہے ۔ اس طرف سنجیدگی کے ساتھ توجہ دینا ہو گی ورنہ یہ جرم بھی ایک فیشن بن جائے گا ۔