حادثہ مسافربس کوبچاتے ہوئے پیش آیا،شیل نے احمد پور شرقیہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ اوگرا کو پیش کردی

شیل کی رپورٹ جمع ہونے کے باجود اوگرا واقعے کی تحقیقات جاری رکھے گا،تفصیلی رپورٹ تیار کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائیگا ‘ ذرائع

جمعرات 29 جون 2017 13:56

حادثہ مسافربس کوبچاتے ہوئے پیش آیا،شیل نے احمد پور شرقیہ حادثے کی ابتدائی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) شیل نے احمد پور شرقیہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ اوگرا کو پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ حادثہ مسافربس کوبچاتے ہوئے پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر حادثہ پچیس جون صبح چھ بج کر انتیس منٹ پرپیش آیا،ٹینکر میں پچاس ہزار لیٹرپٹرول تھا،آئل ٹینکر کیماڑی سے وہاڑی جا رہا تھا،حادثہ احمد پور شرقیہ میں سفیر والا گائوں کے قریب پیش آیا۔

(جاری ہے)

آئل ٹینکر پینتیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہاتھا،آئل ٹینکر کی سپیڈ مقررہ حد کے اندرتھی،آئل ٹینکر کے آگے مسافر بس نے بریک لگائی، تصادم سے بچنے کیلئے ڈرائیور نے ٹینکر کو دوسری طرف پرموڑا جس سے ٹینکر الٹ گیا،ٹینکر الٹنے سے آئل بہنا شروع ہو گیا،مقامی آبادی نے بالٹیوں،ڈبوں اوردیگربرتنوں میں پٹرول بھرنا شروع کردیا،مقامی انتظامیہ کی کوشش کے باوجود بھی لوگ جائے حادثے کے مقام سے پیچھے نہ ہٹے ،بعد ازاں آگ بھڑک اٹھی۔حادثے میں ایک سوتیس سے زائد افراد جاں بحق،75موٹر سائیکل اور تین کاریں جل گئیں۔ اوگرا ذرائع کے مطابق شیل کی رپورٹ جمع ہونے کے باجود اوگرا واقعے کی تحقیقات جاری رکھے گا،تفصیلی رپورٹ تیار کر کے ذمہ داران کا تعین کریں گے۔