Live Updates

وقت آنے پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کروں گا۔ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جون 2017 12:12

وقت آنے پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کروں گا۔ شیخ رشید
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 جون 2017ء) : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے گذشتہ روز لاہور کے جناح اسپتال میں سانحہ بہاولپور کے زخمیوں کی عیادت کی ۔ زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہنگامی صورتحال ہے اور اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں۔ چودہ لوگ ابھی بھی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

صوبے میں کُل ملا کر 6 برن یونٹس ہیں جن میں سے 4 فعال ہیں۔ پنجاب کے اسپتالوں کا حال جیلوں سے بھی بدتر ہے۔ اگلے 8 ہفتوں میں کیس کا فیصلہ ہو جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ 8 ہفتوں میں اس کا سارا معاملہ کُھل کر سامنے آ جائے گا۔ اب فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے کہ انہوں نے اسمبلی کو تحلیل کر کے اگلے ہی ماہ نئے الیکشن کی کال دینی ہے۔

(جاری ہے)

ایک ڈھیلا ڈھالا وزیر اعظم لانا ہے یا کوئی پھڈا کر کے جیلوں میں جانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی طرف سے رپورٹ آنے کے بعد نواز شریف کو سپریم کورٹ میں طلب کرنے کی استدعا کروں گا اور ان پر خود جرح کروں گا۔جب ہمیں اس رپورٹ پر جرح کرنے کی اجازت ہو گی تو انشا اللہ کرپشن کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سے ہی عمران خان کے ساتھ ہوں اور وقت آنے پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ بھی کر لوں گا۔ اگر مجھے چار ووٹ دے کر اپوزیشن لیڈر بنایا ہوتا تو الگ نگران حکومت بنتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات