پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشیں‘ 5بچوں سمیت 10افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 جون 2017 12:04

پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشیں‘ 5بچوں سمیت 10افراد جاں بحق‘ ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جون ۔2017ء) پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5بچوں سمیت 10افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔جھنگ کے علاقے کوٹلی باقر شاہ میں بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب کر 5بچے جاں بحق ہوگئے۔شورکوٹ کے علاقہ بنڈہ سربانہ میں آموں کے باغ میں چھپر گرنے سے ملبے تلے دب کر 2مزدور جاں بحق اور 14زخمی ہوئے۔

چنیوٹ کے علاقہ دلوالہ میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔فیصل آباد میں چھت گرنے کے نتیجے میں 5سالہ بچی جاں بحق اور 3افراد شدید زخمی ہوگئے۔دوسری جانب راولپنڈی اور گرد و نواح میں دریائے سواں میں پانی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری کردیا گیا۔کندھ کوٹ کے قریب بخشا پوربڈانی گاوں میں نہر کا بند ٹوٹنے سے سینکڑوں ایکڑ زمین زیر آب آگئی۔

(جاری ہے)

کوہ سلیمان پر موسلادھار بارش سے کاہا سلطان نالے میں طغیانی آ گئی، سیلابی پانی نے کئی دیہات ڈبو دیئے۔چترال کے انوچ نالے میں طغیانی سے سڑکیں دریا برد ہو گئیں، اپر یرخون اور بروغل کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، کریم آباد میں تیزی سے گلیشیئر پگھلنے کی اطلاعات ہیں۔ضلعی انتظامیہ الرٹ جاری کرچکی ہے اور آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے بروقت اقدامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :