کوئٹہ‘ مختلف اضلاع میں واقعات اور حادثات میں خاتون اور بچوں سمیت10 افراد جاں بحق ‘9 زخمی

بدھ 28 جون 2017 21:40

کوئٹہ /اندرون بلوچستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) بلو چستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات اور حادثات میں خاتون اور بچوں سمیت10 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں تفصیلات کے مطا بق گزشتہ روز خضدار کے پیر عمر کے علاقے میں گاڑی الٹنے سے 2افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی نعشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ادھر چاغی میں تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے 13 سالہ بچہ محمد حنیف جاں کی بازی ہار گیا ہے ان کی نعش کو ورثا کے حوالے کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔علاوہ ازیں ضلع جھل مگسی کے علاقے کوچھا میں پرانی رنجش کی بناء پر فائرنگ سے عبدالغنی نا می شخص جاں بحق ہو گیا ہے اس واقعہ کے متعلق مقامی انتظا میہ نے تفتیش شروع کر دی ہے چیمروک کے قریب مسلح شخص کی فائرنگ سے لیویز فورس کااہلکار شدید زخمی ہو گیا جن کے بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو نے کی اطلاعات مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

نوشکی کے کلی غریب آباد میں گاڑی میں دم گھٹنے سے بچی جان کی بازی ہار گئی ہے جسے گاڑی میں بٹھا کر والدین دیر بعد آئے تو بچی جاں بحق ہو چکی تھی۔ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے میں بھی دو گروپوں میں مسلح تصادم میں ایک شخص کے جاں بحق جبکہ دو کے زخمی ہو نے کی اطلاعات ملی ہیں اس سلسلے میں متعلقہ انتظا میہ نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ادھر خضدار کے علاقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا ہے زخمی نوجوان لال جان کو آر ایچ سی کرخ منقل کر کے ابتدا ئی طبی امداد شروع کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سبی میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم سے گلزار علی اور ذاکر علی زخمی ہو گئے ہیں دونوں نوجوان سبی کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔سوراب کے علاقے میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ حاجیکہ کے مقام پر کار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون اور دوبچوں سمیت تین افراد جاںبحق جب کہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیںمقامی انتظامیہ نے موقع پرپہنچ کر زخمی اور جاںبحق افراد کو سول ہسپتال سوراب منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :