حکمرانوںکی توجہ ملکی مسائل و معاملات سے زیادہ اپنے ناجائز اور غیر قانونی طور پر بناے گئے اثاثہ جات کو بچانے پر ہے ، نیئر بخاری

پارا چنار سانحہ کے شہداء اورزخمیوں کی مالی امداد فی کس 20اور 10 لاکھ ادا کر کے تمام شہریوں کو برابری کا یقین دلایا جائے ، بیان

بدھ 28 جون 2017 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پارہ چنار کرم ایجنسی کے سانحہ پر حکومتی بے حسی پر شدید در عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوںکی توجہ ملکی مسائل و معاملات سے زیادہ اپنے ناجائز اور غیر قانونی طور پر بناے گئے اثاثہ جات کو بچانے پر ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پہلے ہی شدید متاثرہ فاٹا کی کرم ایجنسی میں عید کے موقع پر ہونیوالی بربریت کے مجرمان کا سراغ نہ لگانا اور کسی بھی ذمہ دار حکومتی شخصیت کا متاثرہ علاقے کا دورہ نہ کرنا شرمناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے شہریون کے جائز مطالبات کو منظور کرکے علاقے میں مستقل امن کے قیام کے اقدامات اٹھاکر قانون کی حکمرانی قائم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردون کے سرپرستوں ،مالی مددگاروں،سہولت کاروںاور ہمدردوں کیخلاف نظر آنیوالے اقدامات کے ذریعے ہی کامیابی ممکن ہے ، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے ذمہ دار وزیر داخلہ کی مکمل خاموشی بڑا سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ شہدا پارا چنار اور زخمیوں کی مالی امداد بھی فی کس 20 اور 10 لاکھ ادا کرکے تمام شہریوں کو برابری کا یقین دلایا جائے ۔