مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف سات دہائیوں سے جان کی قربانیاں پیش کررہے ہیں ، برجیس طاہر

قربانیوں کوکسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، مقبوضہ کشمیر میںجاری تحریک آزادی کو کسی صورت دہشتگردی سے مترادف نہیں گردانا جاسکتا ، وزیر امور کشمیر پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ، دنیا کے ہر پلیٹ پر ان کی سیاسی ، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، بیان

بدھ 28 جون 2017 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف سات دہائیوں سے جان کی قربانیاں پیش کررہے ہیں جنہیں کسی بھی صورت یا حالات میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ریاستی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کے نت نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے ۔

کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک کو کچلنے کے لیے بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی عصمت دری کی گئی اوراُن کو بیوہ کردیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہر روز معصوم کشمیری عوام کو بھارت کی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اُن کی عزت النفس کو مجروح کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے کہاکہ بھارتی سرکار کی جانب سے اُن افسران کو ایوارڈ سے نواز نا جنہوںنے معصوم کشمیری نوجوان کی عزت النفس کو مجروح کرتے ہوئے , ظلم کا نشانہ بنانے کے لیے جیپ کے آگے باندھایہ اُن بین الاقوامی برادری اور نام نہاد غیر جانب دار انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے جوکہ ایک طرف دُنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق بڑے بڑے پرچار کرتی ہیں تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و تشدد سے اپنی آنکھیں بند کئے بیٹھی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ انصاف کے ا س دوہرے معیار کے باعث آج دُنیا عدم استحکام کا شکار ہے اور کشمیر ، فلسطین سمیت دُنیا کے دیگر حصوںمیں معصوم شہریوں کا ناحق خون بہایا جارہاہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بدقسمتی سے بھارت اپنے بانی رہنمائوں کے وعدئوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروانے کے برعکس وہاں جاری مقامی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے ہر قسم کے حربے استعمال کررہا ہے جس میں اُس کو آج تک منہ کی کھانی پڑی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ روز اول سے بھارت کی یہ کوشش رہی ہے کہ مقضوبہ کشمیری مقامی تحریک آزادی کو دہشت گردی کا رنگ دے کر بین الاقوامی دُنیا کو گمراہ کیا جاسکے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میںجاری آزادی کی تحریک کو کسی بھی صورت دہشت گردی سے مترادف نہیں گردانا جاسکتا بلکہ اس قسم کی کوئی بھی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی سرا سر خلاف ورزی ہے ۔

ا نہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے کے انعقاد کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل و دیگر ادارے درجنوں قرار دادیں پاس کرچکے ہیں جن سے بھارت انحراف کرکے بین الاقوامی اداروں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپنے ذاتی سیاسی ومعاشی مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر میںجاری بھارتی ظلم وتشدد کو نظر انداز کرنا اُن قوتوں کے ِضمیر کے لیے بہت بڑا بوجھ ہے جو دُنیا میں قیام امن کی کوششوں کے دعویدار بنتے ہیں ۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیشہ مخلصانہ کوششیں کی ہیں لیکن ان تمام تر کوششوں کو بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور بھارت کا کشمیر پر کیس انتہائی کمزور ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پرپاکستان سے بامقصد مذاکرات سے خائف ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آج تحریک آزادی کشمیرکشمیریوں کی تیسری نسل کو منتقل ہوچکی ہے اور گذشتہ سال برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی نوجوان اور پڑھی لکھی نسل بھی اس تحریک کا بھرپور حصہ بن چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری عوام کشمیر کے چپے چپے پر پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کے لیے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں سبز ہلالی پرچم لہرارہے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اوربھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا کے ہر پلیٹ پر ان کی سیاسی ، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کا اس وقت تک ضمیر جھنجھورتا رہے گا جب تک وہ کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت نہیں دلوا دیتے ۔

متعلقہ عنوان :