وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے ،عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا نوٹس لے لیا

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مذموم ایجنڈے کے پیچھے عناصر کی نشاندہی کرنے ،سخت کارروائی کرنے کی ہدایت تمام فقہوں کے علمائے کرام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں، چودھری نثار

بدھ 28 جون 2017 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ایسے مذموم ایجنڈے کے پیچھے عناصر کی نشاندہی کرنے اور ان کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ قومی اتحاد، یگانیت اور ہم آہنگی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی ، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ایسے مذموم ایجنڈے کے پیچھے عناصر کی نشاندہی کرنے اور ان کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے تمام فقہوں کے علمائے کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لئے اتنا ہی خطرناک ہے جتنی دہشت گردی کی عفریت ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک کے دوست نہیں ہیں، وزیر داخلہ نے اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تمام فقہوں کے علمائے کرام کی مشاورت سے اس سلسلے میں مشترکہ آواز اٹھانے اور اس روش کی فوری روک تھام کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :