پشاور ، ضلعی انتظامیہ کی عید کے ایام میں کاروائی ، بازاروں میں تجاوزات قا ئم کرنے گرانفروشی اور کھلونا نما اسلحہ و بندوق کی موجودگی پر بیشتر افراد گرفتار

بدھ 28 جون 2017 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) ضلعی انتظامیہ نے عید کے ایام میں کاروائی کرتے ہوئے بازاروں میں تجاوزات قا ئم کرنے گرانفروشی اور کھلونا نما اسلحہ و بندوق کی موجودگی پر پشاور کے مختلف علاقوں سے بیشتر افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ثاقب رضا اسلم کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیاض شیر پائو نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد کے ساتھ ہشتنگری، فقیر آباد، چارسدہ روڈ اور دلہ زاک روڈ پر مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

مختلف بازاروں میں دکانداروں نے اپنی دکانوں سے باہر سامان رکھا ہوا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو رہا تھا۔ جس پر کاروائی کر تے ہوئے بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ مختلف بازاروں میں دکانوں میں کھلونا نما اسلحہ و بندوق کی موجودگی پر دکانداروں کو گرفتار کر کے کھلونا نما اسلحہ و بندوق کوسرکاری تحویل میں میں لے لیا گیا۔جبکہ گرانفروشی پر بھی اکثر دکانداروں کے خلاف کاروائی کر تے ہوئے ان کو گرفتار کیا گیا۔ ان گرفتار گرانفروشوں میںنانبائی، دودھ فروش، سبزی و پھل فروش اورجنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔

متعلقہ عنوان :