وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کی ریسکیو آپریشن کیلئے کارکردگی لائق تحسین ہے‘نوازشریف

بدھ 28 جون 2017 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے کامیاب ریسکیو آپریشن کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی براہ راست نگرانی کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر بہاول پور پہنچے اور انہوں نے اپنی ذاتی نگرانی میں اپنے ہیلی کاپٹر و دیگر ذرائع سے جھلسے ہوئے زخمیوں کی صوبے کے بہترین ہسپتالوں میں منتقلی کے عمل کو یقینی بنایا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے صوبائی ، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی قیادت کی ریسکیو آپریشن کے لیے خدمات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ المناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی بہاولپور پہنچے اور حادثے کے زخمیوں کی مختلف ہسپتالوں میں فرداً فرداً عیادت کی۔ انہوں نے چاند رات اور عید کا دن بہاولپور میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گزار کر دکھی انسانیت کی خدمت اور مدد کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے عید کا تہوار غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گزار کر ان کا حوصلہ بڑھایا ہے اور ان کے غم میں شریک ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :