بنگلا دیشی کرکٹر عبدالرزاق کار حادثے میں شدید زخمی

حادثے کے وقت عبدالرزاق کے ہمراہ اہلیہ اشرت جہاں، بیٹا آدیان، بہن اور 2 بھتیجیاں گاڑی میں موجود تھیں

بدھ 28 جون 2017 20:31

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) بنگلا دیشی کرکٹر عبدالرزاق کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق کرکٹر عبدالرزاق اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عیدالفطر کی چھٹیاں منانے کے بعد کھلنا سے دارالحکومت ڈھاکا واپس آرہے تھے کہ ضلع گوپال گنج کے علاقے کاشیانی میں ڈھاکا کھلنا ہائی وے پر ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث گاڑی کھائی میں جا گری۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد عبدالرزاق اور ان کے اہل خانہ کو شدید چوٹیں آئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے وقت کرکٹر عبدالرزاق کے ہمراہ اہلیہ اشرت جہاں، 2 سال کا بیٹا آدیان، بہن اور 2 بھتیجیاں بھی گاڑی میں موجود تھیں۔سابق بنگلا دیشی کپتان مشفیق الرحیم نے بھی کرکٹر کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ہمارا اپنا عبدالرزاق (رز) کار حادثے میں شدید زخمی ہو گیا ہے، تمام افراد سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

متعلقہ عنوان :