نوشہرہ،موٹرسائیکل سواروں کا موٹروے پولیس کے اہلکاروں پر تشدد

ملزمان نے قیمتی سامان زبرستی چھین لیا ،سرکاری موبائل کوبھی نقصان پہنچایا،پبی پولیس نے چارافرادگرفتارکرلئے

بدھ 28 جون 2017 20:30

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) عید کے تیسرے روز پشاور جی ٹی روڈ چوکی ممریز کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے موٹر وے پولیس کے اہلکاروں پر تشدد کیا اور ان سے لاکھوں روپے مالیت کے ٹیبلیٹس، وائر لیس سیٹ ان کے ذاتی بٹوے اور نقدی چھین لی اور سرکاری موبائل کوبھی نقصان پہنچایا۔ پبی پولیس نے بروقت کارروائی کرکے چار ملزمان کوگرفتار کرلیا اور پولیس سے چھینا ہوا سامان برآمد کرلیا۔

دو موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی۔ ایک درجن سے زائد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ افیسر جہا نگیرخان نے پبی پولیس کورپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھی پیٹرولنگ افیسر شیر محمد کے ہمراہ سرکاری گاڑی 3266idp میں ڈیوٹی پر تھے کہ چوکی ممبریز کے قریب جی ٹی روڈ ڈیوٹی سرانجا م دے رہے تھے کہ اس دوران متعدد موٹر سائیکل سوار پشاورسے نوشہرہ آرہے تھے جن کوقانون کے مطابق روکا گیا اوران کو سمجھایاکہ وہ ون ویلنگ اور غلط ڈرائیونگ نہ کریںجس پر ملزمان ہمارے ساتھ دست وگریبان ہوگئے‘ لڑائی اور مارکٹائی شروع کردی۔

(جاری ہے)

اس دوران ہم سے ملزمان نے ٹیبلیٹس، وائر لیس سیٹ اور ہمارے ذاتی بٹوے جس میں سرکاری سروس کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ بھی موجود تھے ہم سے زبردستی چھین لیے اس دوران پبی پولیس کو آگاہ کیا گیا۔ پبی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عاطف خان ، دالدار پی اے ایف کا واچ مین ، وقار پسران رحمان گل سکنہ کندی بالا پشتخرہ پشاور اور عابد لد نسیم سکنہ جھگڑا پشاور کو گرفتار کرکے تمام لوٹی گئی اشیاء برآمد کر لی گئی۔ تاہم موٹر وے پولیس کے ذاتی بٹووں سے چوری ہونے والی35 ہزار روپے برآمد نہ ہوسکے۔ پبی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔