دیگر شہروں کی طرح سیالکوٹ و گردونواح میںبھی عید الفطر عقیدت و احترام اورمذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی

بدھ 28 جون 2017 20:30

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح سیالکوٹ و گردونواح میںبھی عید الفطر انتہائی عقیدت و احترام اورمذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی۔ عید کے بڑے بڑے اجتماعات مساجد،امام بارگاہوںاور روحانی خانقاہوں پر منعقد ہوئے جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے خالق کائنات کے حضور سجدہ ریز ہوئے اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔

ان اجتماعات میں علماء و مشائخ عظام نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے اپنے خطابات میں کہا کہ مدینہ پاک ہماری محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز و محو ر ہے اور اس کا دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے ۔مسلمان ہر چیز برداشت کرسکتا ہے پر اپنے آقاﷺ کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

جامع مسجد حنفیہ نقشبندیہ توحید آباد شریف میں نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرپرست اعلیٰ پاکستان مشائخ وعلماء کونسل پیر سید فرخ شاہ کوہاٹی نے کہا کہ’’ عید الفطر‘‘خالق کائنات کی نعمتوں میں سے وہ عظیم نعمت ہے جو رمضان المبارک کے اختتام پر رب تعالیٰ خوش ہو کر اپنے بندوں پر نازل فرماتا ہے۔

رمضان المبارک میں لوگ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے روزہ رکھتے ہیںاور پورا دن بھوک ،پیاس کو برداشت کرتے ہیں جس پر اللہ تعالیٰ (عید) کو انعام کے طور پر اپنی مخلوق کو خصوصی نعمتوں و برکتوں کی صورت میں عطا فرماتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا مبارک دن اخوت،محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ادارہ وحدت اسلامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر مفتی خادم حسین خورشید الازہری نے مرکز اہلسنت جامع مسجد ڈونگا باغ میںنماز عید کے ایک بہت بڑئے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ عید الفطر کی حقیقی خوشیاں تب ہی حاصل ہونگی جب فطرانہ قبل از وقت ادا کر دیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ عید الفطراتحاد و یگانگت اورفرقہ وارانہ تعصب سے نجات کا درس دیتی ہے۔ضلعی چیئرمین پاکستان مشائخ و علماء کونسل سیالکوٹ صاحبزادہ پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی نے کہا کہ عید الفطر کا یہ بابرکت دن مسلمانوں کی حیات ملی کا آئینہ دار ،ملت اسلامیہ کے اتحاد کی علامت اور اہل اسلام کے درمیان وحدت ویگانگت کے اظہار کا عظیم دن ہے۔

ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ توقیر الحسن اشرفی قادری نے جامع مسجد گلزار مدینہ چھائونی سلہریاں میںخطاب کے دوران کہا کہ عید الفطر نعمت خداوندی اور عام معافی کا دن ہے ،اس مقدس دن کی برکت سے ہمیں چاہیے کہ اپنے تمام فروعی اختلافات ،نفرتیں ختم کرکے ملک و ملت کی فلاح و بہبودکیلئے کام کریں۔ آستانہ عالیہ منڈیر شریف سیداں کے خلیفہ مجاز علامہ مفتی خادم حسین خادم القادری نے مرکزی جامعہ مسجد خضری جھلکی،علامہ حافظ محمد لقمان اویسی نے جامع مسجد رحمت اللعالمین نیا عدالت گڑھا اورعلامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے مرکزی جامع مسجد نقشبندیہ چوبارہ میں نماز عید کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ عیدالفطرانعام خدا وندی ہے یہ مبارک دن خوشیاں بانٹنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ’’ عید‘‘کے روز آہ و بکار کر رہے تھے لوگوں کے پوچھنے پر ارشاد فرمایا کہ لوگ کہتے ہیںکہ کل عید ہے اور وہ خوش ہیں’’لیکن‘‘میں اس دن کو عید سمجھو ںگاجب سلامتی ایمان کے ساتھ اس دنیا سے جاؤں گا۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی طرح اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و ملت کے وقار اور سلامتی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیں۔

ان اجتماعات میںبرما،فلسطین،مقبوضہ کشمیر سمیت جہاں جہاں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں ان سے جلد ازجلد نجات اور عالم اسلام کی ہرمیدان میں کامیابی ونصرت،افواج پاکستان کی ’’ضرب عضب، ردالفساد‘‘آپریشن کی کامیابی ،سانحہ احمد پورشرقیہ بہاولپور آئیل ٹینکرکے مرحومین کی مغفرت اور ملکی سلامتی واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

متعلقہ عنوان :