حکمران عوام کو بنیادی سہولیات کی فرہمی میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

عوام کو اپنی قسمت بدلنے اورمسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہرفورم پردیانتدارقیادت کا انتخاب کرنا ہوگا، امیر جماعت اسلامی سندھ

بدھ 28 جون 2017 20:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے صوبائی وشہری حکومت کی ناہلی وبدانتظامی کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کراچی کچرے کے ڈھیرمیں تبدیل جبکہ عیدکے مبارک دن میں بھی شہری پانی وبجلی کے بحران سے دوچار رہے۔حکمران ٹولہ لڑائو اورحکومت کرو کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

ایک منصوبہ بندی کے تحت سرمایہ دراروجاگیردارطبقہ نے اس وقت عوام کو مہنگائی بیروزگاری بدامنی اوربجلی وپانی سمیت مختلف بحرانوں ومسائل میں الجھا رکھا ہے تاکہ وہ باریاں لگا کراقتدارکے مزے لوٹتے رہیں۔عوام کو اپنی قسمت بدلنے اورمسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہرفورم پردیانتدارقیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومتی تمام دعووں کے باوجود عوام مہنگائی ،اسٹریٹ کرائم اوربجلی وپانی کے بحران کا شکار رہے،یکم رمضان شریف سے لیکرعیدالفطر کے مبارک لمحات بھی عوام نے سکون کے ساتھ نہیں گذارے۔

(جاری ہے)

یہ ملک کے سب سے بڑے اوردارالحکومت کے شہر کی صورتحال ہے توپھرصوبہ کے باقی ماندہ شہروں کے کیا صورتحال ہوگی ۔انہوں کہاکہ ہرادارہ اپنا فرض احسن طریقے سے سرانجام دینے کی بجائے،ناہلی وبدانتظامی کا دوسروںکوموردالزام ٹھراتا جس کی وجہ سے مسائل بڑھتے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اورانہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے مگر موجود حکمران عوام کو بنیادی سہولیات کی فرہمی میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہیں،شہرکراچی سمیت صوبہ سندھ لاوارثی کی عملی تصویر ہے۔