Live Updates

نواز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہے تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، عمران خان

نواز شریف جے آئی ٹی میں 13 سوالات میں سے ایک کا بھی جواب نہیں دے سکے ، اپنی جان بچانے کیلئے وزیراعظم نے مرحوم والد اور بے چارے بچوں کو گھسیٹ لیا،گزشتہ 70 سال میں سب سے زیادہ کرپشن شریف برادران نے کی ہے، چیئرمین تحریک انصاف کا نیا الزام

بدھ 28 جون 2017 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم نواز شریف کو مجرم تسلیم کرچکی ہے اور اگر کرپٹ وزیراعظم عہدے پر برقرار رہا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی،حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئے گا،نواز شریف جے آئی ٹی میں 13 سوالات میں سے ایک کا بھی جواب نہیں دے سکے ، نواز شریف نے اپنی جان بچانے کے لیے مرحوم والد اور بے چارے بچوں کو گھسیٹ لیا،گزشتہ 70 سال میں سب سے زیادہ کرپشن شریف برادران نے کی ہے۔

بدھ کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر حملے کیے جارہے ہیں، جے آئی ٹی پر تنقید کا مطلب سپریم کورٹ پر تنقید ہے، حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئے گا، لوگ خاموشی سے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ کے ملزم ہیں جن کے خلاف فوجداری تحقیقات ہورہی ہیں جو کرپشن سے زیادہ سنگین جرم ہے، نواز شریف جے آئی ٹی میں 13 سوالات میں سے ایک کا بھی جواب دینے میں بھی ناکام ہوگئے، الٹا کہہ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی میرے سوالات کا جواب نہیں دے رہی، مریم نواز سمیت شریف خاندان کو جے آئی ٹی میں گھسیٹنے کے قصور وار خود نواز شریف ہیں، انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے مرحوم والد اور بے چارے بچوں کو گھسیٹ لیا، حکومت کو پتہ ہے کہ فیصلہ اس کے خلاف آئے گا اس لیے جے آئی ٹی کو متنازع بنایا جارہا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے سانحہ بہاولپور کو 70 سالہ کرپشن کا نتیجہ قرار دینے سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ 70 سال میں سب سے زیادہ کرپشن شریف برادران نے کی ہے، 21 سال اقتدار میں رہے ایک ادارہ ٹھیک نہیں کیا، بجلی صرف اشتہارات میں بنائی جاتی ہے، پی ٹی آئی نے چند سال میں خیبرپختون خوا میں پولیس کو ماڈل پولیس بنادیا، لیکن شریف برادران اور ان کے بچے صرف پیسہ بنانے میں لگے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت اداروں کو خریدنے میں ناکام ہوگئی تو سازش کا الزام لگادیا، فوج اور سپریم کورٹ پر انگلیاں اٹھائی جانے لگیں، کرپٹ وزیراعظم نواز شریف عہدے پر برقرار رہے تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سانحہ احمد پور شرقیہ کو انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں ایک بھی برن سنٹر نہیں جس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات