بھارت میں مسلمانوں نے کالی پٹیاں باندھ کر عید کی نماز ادا کی

بدھ 28 جون 2017 19:21

لکنھئو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) بھارت میں بہت سے علاقوں میں مسلمانوں نے کالی پٹیاں باندھ کر عید کی نماز ادا کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے تمام علاقوں میں عید منائی گئی لیکن اس بار عید کے تہوار کے ساتھ لوگوں نے پرامن طریقے سے اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔ گذشتہ دنوں ہریانہ کے ایک نوجوان کے ایک ہجوم کے ہاتھوں قتل کے خلاف لوگوں نے بازو پر کالی پٹیاں باندھ کر عید کی نماز ادا کی۔

خیال رہے کہ انتہا پسند ہندو نریندرا مودی کے بھارتی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس میں درجنوں مسلمان ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ 3 سال کے دوران گائے اسمگل کرنے یا گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کے واقعات میں درجن کے قریب مسلمان مارے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

2015 میں بھی ایک مسلمان شخص کو اس کے پڑوسیوں نے اس شبے میں قتل کردیا تھا کہ اس نے گائے کو ذبح کیا ہے تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کے گھر سے برآمد ہونے والا گوشت بکرے کا ہے۔گزشتہ سال بھی راجستھان میں ہندو انتہا پسندوں نے ہوٹل منیجر پر گاہکوں کو گائے کا گوشت پیش کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں اور نچلی ذات کے ہندوں سمیت بڑی اقلیتی آبادی کے لاکھوں افراد گائے کا گوشت کھاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :