پشاور,سینئر صوبائی وزیر کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میںپاڑاچنار میں ہونے والے بم دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت ,غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار

زخمیوں کی فوری اور بہتر علاج و معالجہ پر بھرپور توجہ دی جائی,سکندر حیات خان شیرپائو کی ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری

بدھ 28 جون 2017 19:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) سینئر صوبائی وزیراور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورمیںپاڑاچنار میں ہونے والے بم دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں کو دلاسہ دیااور ان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔سینئر وزیرنے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے فرداًفرداً ملاقات کی اورہسپتال انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی فوری اور بہتر علاج و معالجہ پر بھرپور توجہ دی جائے۔

انھوں نے دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک گھڑی میں پوری قوم آپ کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہیں اوران کی تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے احتجاجی دھرنا کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے اور ان کے ساتھ جلد مزاکرات کرتے ہوئے ملک کے دیگر شہروں میں شہید ہونے والے افراد کے برابر معاوضہ دے تاکہ ان کی مایوسیوں اور محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ اگر پختونوں کے ساتھ ایسا امتیازی رویہ جاری رکھا گیا اور ان کے جائز مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو پھر ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی غم زدہ خاندانوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کیلئے پارٹی وفد معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی کی سربراہی آج پاڑا چنار جائے گا جہاں پر غم زدہ خاندانوں اور احتجاجی دھرنا کے شرکا سے ملاقاتیں کرکے آئندہ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔دورہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر کے ساتھ پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان اور صوبائی رہنماء اسد آفریدی بھی موجود تھے۔