وزیر اعظم کا آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس

کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیے ، میاں نواز شریف

بدھ 28 جون 2017 19:21

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) وزیراعظم محمدنواز شریف نے آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیئے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔

وہ یہاں بہاولپور میں گفتگوکررہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں بھی دی جائیں گی جبکہ حکومت غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات بھی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعہ کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔وزیراعظم محمد نوازشریف سانحہ احمد پورشرقیہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کے لیے عید کے روز بہاولپور پہنچے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرنے کے بعد اپنا دورہ مختصر کردیاتھا۔

انہوں نے لندن سے ہی وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو بہاولپور پہنچنے اور اس سانحہ کے بعد امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تمام تر انتظامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔آئل ٹینکر الٹنے کے باعث اتوار کے روز احمد پورشرقیہ کے قریب آگ لگنے کا المناک واقعہ پیش آیا تھا۔بہاولپور آمد کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف سیدھے سرکٹ ہا?س گئے جہاں انہیں اس سانحے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنربہاولپور ثاقب ظفر نے بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو سانحہ احمد پورشرقیہ اور اس کے بعد کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :