بہاولپور،سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق ہونے والے 125افراد کا اجتماعی نماز جناز ادا کر دیا گیا

بدھ 28 جون 2017 19:21

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) سانحہ احمد پور شرقیہ آئل ٹینکر آتش زدگی کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے 125افراد کا اجتماعی نماز جنازہ آج یہاں بستی رمضان جوئیہ احمد پور شرقیہ میں ادا کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پرحکومت پنجاب کی جانب سے میتوں کی تدفین، ترسیل اور جنازہ کے لئے بہترین انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔

نماز جنازہ میں سنیٹر چوہدری سعود مجید، وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی علی حسن گیلانی،قاضی عدنان فرید، ڈاکٹر سید وسیم اختر، چیئر مین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد، ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ملک منیر اقبال چنڑ، کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر، ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور راجا رفعت عباس ودیگر ڈویژنل وضلعی محکموں کے متعلقہ افسران سمیت لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے آئل ٹینکر حادثہ میں آتش زدگی کا شکار ہونے والی125افراد کی میتیں ایمبولینسز اور ٹرکوں کے ذریعہ منتقل کی گئیں۔ یہ میتیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال سے احمد پور شرقیہ لائی گئیں۔ جنازہ کے بعد ان میتوں کو قریبی قبرستان نذیر آباد میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی میتیں لکڑی کے تابوت میں بند تھیں جن پر شناخت کے لئے ٹیگز لگائے گئے تھے جنہیں قبروں پر ٹیگ لگا کر امانتاً دفن کر دیا گیا۔

تدفین کے موقع پر مقامی ممبر قومی وصوبائی اسمبلی سید علی حسن گیلانی اور قاضی عدنان فرید میتوں کی ترسیل سے لے کر جنازہ گاہ تک منتقلی کے عمل کا جائزہ لیتے رہے اور بعد ازاں تدفین میں علاقہ کے لوگوں کے ہمراہ عملاً حصہ لیا۔ جاں بحق افراد کے جنازہ اور تدفین کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور فضا نہایت سوگوار تھی۔

متعلقہ عنوان :