ہربنس پورہ میں واقع پارک سے ایک شخص کی لاش ملنے پر پارک میں موجود بچوں نے لاش دیکھ کر شور مچا دیا

بدھ 28 جون 2017 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) ہربنس پورہ کے علاقہ کوٹلی پیر عبدالرحمن میں واقع پارک سے ایک شخص کی لاش ملنے پر پارک میں موجود بچوں نے لاش دیکھ کر شور مچا دیا، بتایا گیا ہے کہ 38 سالہ شخص عید کے روز پارک میں مردہ حالت میں پایا گیا، لاش کے قریب شراب کی بوتل اور سگریٹ کی ڈبی ملی ہے جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ نامعلوم شخص کی ہلاکت زہریلی شراب پی کر ہوئی جبکہ پولیس نے لاش مردہ خانہ میں جمع کروا دی ہے، دریں اثناء نولکھا اور ہیر کے علاقے میں 2 افراد پراسرار طور پر مردہ حالت میں پائے گئے، مرنے والے 40 اور 48 سال کی عمر کے افراد ہیں جن کی شناخت نہ ہونے پر دونوں لاشیں مردہ خانے جمع کروا دی گئی ہیں، قرطبہ چوک سول لائن کے علاقے میں 48 سالہ نامعلوم شخص بھی مردہ حالت میں پایا گیا، مناواں میں 50 سالہ ابراہیم پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا، تمام تھانوں کی پولیس نے ملنے والی لاشوں پر مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔