ْعید کی تعطیلات کے دوران لاہور کی تینوں کچہریوں میں ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں رش رہا

بدھ 28 جون 2017 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) عید کی تعطیلات کے دوران لاہور کی تینوں کچہریوں میں ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں رش رہا اور عید کی تعطیلات کے دوران مختلف مقدمات میں گرفتار ہونے والے ملزموں کی ضمانتیں کروانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد لاہور کی ضلع کچہری، ماڈل ٹائون اور کینٹ کچہری پہنچ گئی، لاہور پولیس نے ون ویلنگ، پتنگ بازی، شراب نوشی، قمار بازی اور ہلڑ بازی کرنے پر سینکڑوں افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے، ان گرفتار افراد کو ضمانتوں پر رہا کروانے کے لئے ان کے رشتہ دار کچہریوں میں پہنچ گئے، ڈیوٹی مجسٹریٹس نے قابل ضمانت جرائم میں ملوث ملزموں کی ضمانتیں منظور کر کے ان کی رہائش کا حکم دے دیا جبکہ وہ ملزمان جو ناقابل ضمانت جرائم میں ملوث تھے ان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا یا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی عادل میمن کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو پتنگ بازی اور ون ویلنگ سے روکیں اور والدین کے کردار ادا کرنے سے ان جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ والدین اگر بچوں کو بلاضرورت موٹر سائیکل نہ دیں اور پتنگ بازی سے نہیں روکیں گے تو پولیس کو کارروائی کرنا پڑتی ہے، عید کی تعطیلات کے دوران پتنگ بازی کرنے اور ون ویلنگ کرنے پر درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :