آرمی چیف سے مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علماء کی ملاقات ،سانحہ پارا چنار کی مذمت

ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، آرمی چیف دشمن ہمیں دہشتگردی کے ذریعے تقسیم کرنے میں ناکام ہوں گے، ہم سب پاکستانی ایک ہیں سانحہ پارا چنار کے ذمہ دار کرداروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا ، جنرل قمر جاوید باجوہ

بدھ 28 جون 2017 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ دشمن ہمیں دہشتگردی کے ذریعے تقسیم کرنے میں ناکام ہوں گے۔ ہم سب پاکستانی ایک ہیں سانحہ پارا چنار کے ذمہ دار کرداروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا ائی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بدھ کے روز مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علماء سے ملاقات کی اس موقع پر آرمی چیف نے سانحہ پارا چنار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں پارا چنار واقع میں شہید اور زخمی ہونے والوں کا تعلق کسی بھی مذہب فرقہ سے ہو وہ سب ہمارے لئے یکساں ہیں۔

متاثرین کی بلا تفریق مدد کی جائے گی اور واقع میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی ہو گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں ہم ایک دوسرے کی مذہبی آواز اور اقلیتوں کا احترام کرتے ہیں حالیہ واقعات کو دہشتگردی اور فرقہ واریت کا رنگ دینے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حادثات کو دانستہ طور پر فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے اور دشمن نے واقع کو فرقہ واریت کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ پاکستان کے دشمنوں نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے۔ ہم سب کو اس گمراہ کن مہم سے آگاہ رہنا چاہیئے۔ پاکستان دشمنوں کی سوشل میڈیا سمیت ہر سطح پر جاری مذموم مہم قابل مذمت ہے۔ پاک فوج دشمن کی مذموم کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ دشمن دہشتگردی کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنے میں ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فاٹا اور ملک بھر کی سکیورٹی کو کنٹرول کیا ہے کسی کو بھی فاٹا کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ سانحہ پارا چنار کے زخمی اور شہدء کا تعلق کسی بھی مذہب اور فرقے سے ہو یہ سب ہمارے لئے برابر ہیں اور یہ ہمار ابڑا نقصان ہے۔