مون سون میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہدایات دے دی ہیں ، عبداللہ وہرہ

نالوں کی صفائی کے لئے ہر ضلع کو گریب کرین اور دیگر مشینری مہیا کردی ہے، حادثات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کی گاڑیاں بھی ڈسٹرکٹس میںتعینات کردی گئی ہیں، ڈپٹی میئر

بدھ 28 جون 2017 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشدعبداللہ وہرہ نے کہاہے کہ متوقع مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے ، شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں کے ایم سی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے فون نمبر99230951 اور کیمپ آفس میں مرکزی رین ایمرجنسی سینٹرکے نمبر99244559 پر رابطہ کریں، نالوں کی صفائی کے لئے ہر ضلع کو گریب کرین اور دیگر مشینری مہیا کردی ہے، حادثات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کی گاڑیاں بھی ڈسٹرکٹس میںتعینات کردی گئی ہیں، انڈرپاسز اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے پمپس تیار حالت میں ہیں ، کے الیکٹرک کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بارشوں سے قبل ہی بارش میںمتوقع حادثات سے بچاؤ کے انتظامات کرلیں گے، تمام ڈسٹرکٹس کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے انہیںرین ایمرجنسی اور نکاسی آب کے کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دورکرنے کاکہہ دیاہے ،سٹی وارڈنز کو بارشوں کے دوران سڑکوں پرموجود رہ کر ٹریفک کی روانی میں مدد دینے کی ہدایت کردی ہے، کوشش کررہے ہیںکہ دستیاب مشینری کے ساتھ آج ہی سے کام شروع کردیاجائے تاکہ برسات میںنالوں میں پانی کا بہاؤ برقرار رہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کو الرٹ کردیا ہے، امید ہے کہ واٹر اینڈسیوریج بورڈ بھی شہر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا ، رین ایمرجنسی کے حوالے سے ہر ڈسٹرکٹ میں کے ایم سی افسران موجود رہیں گے،، اس سلسلے میں تمام چھ ڈسٹرکٹس کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل اور مربوط رابطہ قائم ہے ، ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کی سہ پہر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میںمون سون بارشوں کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی ، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چیئرمین معیدانور، ڈسٹرکٹ کورنگی کے چیئرمین سیدنیررضا، ضلع غربی کے اظہار خان ، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا ، نذیر لاکھانی، ڈاکٹرمحمد علی عباسی ، جمیل فاروقی اور دیگر کے ایم سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پرگھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات سے ہرممکن دوررہیں ، انہوںنے کہاکہ ہم نے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرلئے ہیں شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے طورپر بلدیاتی انتظامیہ سے تعاون کریں اور خاص طورپر برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریزکریں، نالوں میں یا اطراف میںکچر اپھینکنے کے عمل کومجرمانہ فعل قراردیاجائے گاتاکہ نالوںمیںکچرا پھینکنے والوں کو سزادی جاسکے کیونکہ اس عمل سے نالے چوک ہوجاتے ہیں اور نکاسی آب نہیں ہوپاتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہر کا بڑا گجرنالہ کئی علاقوں سے گزرتاہے جس کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے سے نالے کے فلو میں بہتری آئی ہے تاہم اگر حکومت سندھ وہاں دیواراور سڑک کی تعمیرکاکام جلد ازجلدکردے تو وہاں مزید تجاوزات قائم نہیں ہوں گی اور اطراف کی آبادیوں کے مکین بھی حادثات سے محفوظ رہیں گے، انہوں نے کہاکہ عوام کو خود اس کا خیال رکھنا چاہیئے کہ نالوں میں کچرا نہ پھینکیں اسی طرح دکاندار اور تاجر برادری سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو صاف رکھیں ، انہوں نے کہاکہ کراچی کے ساتھ روا رکھی گئی مالیاتی ناانصافی کے باوجود ہم شہریوں کو مشکلات سے دوچار نہیں ہونے دیں گے اور اپنے دستیاب وسائل کی بنیاد پر کام کرتے رہیں گے،انہوں نے کہاکہ شہر کی ضروریات کے حوالے سے ہم نے وفاق سے بھی رابطہ کیا ہے اورتمام تفصیلات ارسال کی ہیں، انہوں نے یقین دہانی بھی کرائی ہے تاہم فی الحال ہم اس پرانحصا رکرنے کے بجائے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو ہرممکن پورا کرناہے، ڈپٹی میئرکراچی نے کہاکہ کراچی کے ماسٹر پلان کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے ، جس کا جہاں سے دل چاہتا ہے پانی وسیوریج کی لائنیں نکال دیتا ہے ، آدھی سے زیادہ کراچی کی آبادی کچی آبادی بن چکی ہے ، ان تمام آبادیوں کو ڈویلپ کرنا ہے اور وہاں وہی سہولیات دینی ہیں جو شہر کے دیگرعلاقوں کے مکینوںکوحاصل ہیں، انہوں نے کہاکہ مخدوش عمارتوں کے لئے ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھا ہوا ہے جو بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدام کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ نالو ںکی صفائی کے لئے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہوگی تاکہ ان کی مستقل صفائی ہوتی رہے۔قبل ازیں مون سون بارشو ں کے لئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہاکہ بارشوں کے حوالے سے PDMA کی ریڈالرٹ کی وارننگ کے پیش نظر ہمیںاپنے دستیاب وسائل میںرہتے ہوئے تمام انتظامات کرنے ہیں، اس موقع پرضلع شرقی کے چیئرمین معیدانور، ضلع کورنگی کے چیئرمین سید نیر رضا، ضلع ملیرکے چیئرمین جان محمد بلوچ، ضلع جنوبی کے چیئرمین ملک فیاض ، ضلع غربی کے اظہاراحمد خان، میونسپل کمشنرکے ایم سی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرPDMA سندھ وسیم سومرو، کے الیکٹرک کے نمائندہ محمد ارشد ، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ایڈیشنل ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشداور دیگر افسران بھی موجود تھے ،اجلاس کے دوران مختلف اضلاع کے نمائندوں نے اپنے علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا اور ان جگہوں کی نشاندہی کی جہاں فوری طورپر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ڈپٹی میئر کراچی نے کہاکہ قریبی رابطے سے کافی مسائل حل سکتے ہیں، تمام ڈسٹرکٹ کچرا صفائی کے لئے سرگرم رہیں، بارشوں سے قبل کچرا صفائی بیحد ضروری ہے ، انہوں نے محکمہ میونسپل سروسزاور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ پمپ اور دیگرمشینری تیاررکھیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ مون سون کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے شہر کو محفوظ رکھا جاسکے۔

#

متعلقہ عنوان :