شہر سے جلد از جلد نکاسی و آب کو ممکن بنایا جائے‘ سیکرٹری ہائوسنگ مومن علی آغا

بدھ 28 جون 2017 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سیدنے شہر میں نکاسی وآب آپریشن کا جائزہ لیا۔رین آپریشن کی نگرانی وائس چئیرمین واسا چوہدری شہباز احمد کر رہے تھے جبکہ سیکرٹری ہائوسنگ مومن علی آغا اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید بھی واسا کے عملہ کی کارکردگی دیکھنے کیلئے فیلڈ میں موجود رہے۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے عملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایم ڈی واسا کو کہا کہ عید کے چھٹیوں کے باوجود واسا کے عملہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ پری مون سون کی بارش صبح04:45سے شروع ہوئی جوتقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی ۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے قبل از وقت ہی محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے مطابق تمام عملہ کو ہدایت جاری کر رکھی تھی ۔

(جاری ہے)

بارش کے پہلے قطرے کیساتھ ہی تمام عملہ اور مشینری فیلڈ میں متحرک ہو گئی اور بارشی نکاسی آب آپریشن شروع کر دیا ۔

نکاسی آب آپریشن ابھی مکمل ہی ہوا تھا کہ بارش کا دوسرا سپیل صبح 9بجے شروع ہوگیا جو کہPM 12:50 تک جاری رہا۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش 77ملی میٹر فرخ آباد میں ریکارڈکی گئی۔واسا کا عملہ 22پونڈنگ پوائنٹس پر اپنے فرائض سرانجام دینے میں مصروف عمل ہو گیا۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشن چالو کر دیئے گئے تاکہ سیور لائنیں خالی ہو جائیں اور جلد از جلد لاہور کی تمام بڑی شاہراہوں سے بارشی پانی کے نکاس کو ممکن بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے لارنس روڈ پر ڈی ایم ڈی آپریشن شکیل احمد کشمیری سے نکاسی آب کو جلد ممکن بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واسا کا عملہ ومشینری کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔