چھٹیاں منسوخ،پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے عید کی چھٹیوں میں معمول کے مطابق کام کیا

پارکس، چڑیا گھر، سینماگھر اور دیگر تفریحی مقامات پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، ناقص اشیاء موقع پر تلف ،باغ جناح ، گریٹر اقبال پارک، چڑیا گھر، جیلانی پارک سمیت 21کی کینٹینوں کو جرمانے، وارننگ نوٹس آپشنز، طباق، فریڈیز، او پی ٹی پی سمیت 81 کو جرمانے، 188 لیٹر تیل، 110 کلوسبزیاں ، 77 کلو ناقص کیچپ تلف، لاہور میں 21، گوجرانوالہ میں 10، فیصل آباد میں 19 ،ملتان میں 14 اور راولپنڈی میں 17 کی چیکنگ ، جرمانے

بدھ 28 جون 2017 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی نورالامین مینگل کی طرف سے عید کی دنوں میں عوامی تفریحی مقامات اور دیگر جگہوں پر کام کرنے والے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔ ان ٹیموں نے عید کے چھٹیوں کے دنوں میں مختفل شہروں میں ہوٹل، ریسٹورنٹس، پارک، سینما گھر وغیرہ میںواقع فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جبکہ دیگر شہروں سے آنے والی اشیاء خوردونوش، گوشت اور دودھ کی نگرانی کے لیے سپیشل آپریشن ٹیموں کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں تھیں۔

عید کی تمام چھٹیوں میں فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے معمول کے مطابق کام کرتے ہوئے لاہور چڑیا گھر کیفے ٹیریا، باغ جناح کینٹین، اقبال پارک اور جیلانی پارک،ماڈل ٹاؤن سوسائٹی پارک، گلشن اقبال پارک، لاہور سفاری پارک، گلبرگ ایم ایم عالم اور ٹاون شپ سمیت شہر بھر کے سینما گھروں کے کیفے ٹیریاز اور دیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آپریشنزرافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گریٹر اقبال پارک کینٹین نمبر 3کو ناقص صفائی پر 25ہزار جرمانہ، گریٹر اقبال پارک کیفے 1947برابچ 1کو 25ہزار، کیفے 1947کی دوسری برانچ (آبشن) کو 25ہزارجرمانہ، 55کلو ناقص سبزیاں، 28کلو ناقص، ملاوٹ زدہ کیچپ، 30 پیکٹ ناقص برگر بن موقع پر تلف کر دیے گئے۔

لاہور زو کی کینٹین کو 25،سفاری پارک کینٹین کو20,20ہزار،گلشن اقبال پار ک کینٹین کو15ہزار جرمانہ کیا گیا۔رافیعہ حیدر نے مزید بتایا کہ آپشن ریسٹورنٹ گارڈن ٹاون کو زائدالمیعاد تیل استعمال کرنے پر 1 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹ میں ورکرز کی صفائی بھی ناقص پائی گئی۔قبائل ریسٹورنٹ ایم ایم عالم سے ایکسپائر بریڈ، گلی سڑی سبزیاں،ناقص کیچپ اور بدبودار گوشت برآمد ہونے پر 1 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔

او پی ٹی پی فاسٹ فوڈ چین گلبرگ کو گندہ تیل استعمال کرنے پر ایک لاکھ جرمانہ اور ناقص تیل موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ایم ایم عالم روڈ پر طباق ریسٹورنٹ کو زائد المعیاد تیل استمال کرنے پر ایک لاکھ جرمانہ جبکہ ناقص اور زائد المعیاد تیل موقع پر ضائع کرتے ہوئے حتمی وارننگ جاری کی گئی۔ بفلو رنگز اینڈ ونگز کو ناقص صفائی اور باسی اشیاء کی موجودگی پر 50 ہزار ،فریڈیز کیفے اور معروف ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کو 25،25 ہزار جرمانہ کیا گیا۔

رافیعہ حیدر نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں معروف پیزا پوائنٹ اور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کو ایک ایک لاکھ ،راولپنڈی اور ملتان میں بھی معروف پیزا پوائنٹس کو ایک ایک لاکھ جرمانہ اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ حتمی وارننگ کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کو سیل کر دیا جائے گا۔رافیعہ حیدر نے مزید بتایا کہ لاہور میں 21، گوجرانوالہ میں 10، فیصل آباد میں 19 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی اور ملتان میں 14 اور راولپنڈی میں 17 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 188 لیٹر ناقص تیل، 110 کلو ناقص سبزیاں اور 77 کلو ناقص کیچپ تلف کیا گیا۔