Live Updates

جے آئی ٹی پر تنقید کا مطلب سپریم کورٹ پر تنقید ہے ،ْ حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئیگا،عمران خان

ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے ،ْ بہاولپور کے بعد نواز شریف کوئٹہ اور پاراچنار کیوں نہیں گئی میڈیا سے گفتگو

بدھ 28 جون 2017 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی پر تنقید کا مطلب سپریم کورٹ پر تنقید ہے ،ْ حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئے گا ،ْملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے ،ْ بہاولپور کے بعد نواز شریف کوئٹہ اور پاراچنار کیوں نہیں گئی ۔

بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر حملے کیے جارہے ہیں ،ْجے آئی ٹی پر تنقید کا مطلب سپریم کورٹ پر تنقید ہے، حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئے گا، لوگ خاموشی سے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ کے ملزم ہیں جن کے خلاف فوجداری تحقیقات ہورہی ہیں جو کرپشن سے زیادہ سنگین جرم ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف جے آئی ٹی میں 13 سوالات میں سے ایک کا بھی جواب دینے میں بھی ناکام ہوگئے ،ْالٹا کہہ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی میرے سوالات کا جواب نہیں دے رہی ،ْمریم نواز سمیت شریف خاندان کو جے آئی ٹی میں گھسیٹنے کے قصور وار خود نواز شریف ہیں، انہوں نے اپنی جان بچانے کیلئے مرحوم والد اور بے چارے بچوں کو گھسیٹ لیا، حکومت کو پتہ ہے کہ فیصلہ اس کے خلاف آئے گا اس لیے جے آئی ٹی کو متنازع بنایا جارہا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے سانحہ بہاولپور کو 70 سالہ کرپشن کا نتیجہ قرار دینے سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ 70 سال میں سب سے زیادہ کرپشن شریف برادران نے کی ہے، 21 سال اقتدار میں رہے ایک ادارہ ٹھیک نہیں کیا، بجلی صرف اشتہارات میں بنائی جاتی ہے، پی ٹی آئی نے چند سال میں خیبرپختون خوا میں پولیس کو ماڈل پولیس بنادیا لیکن شریف برادران اور ان کے بچے صرف پیسہ بنانے میں لگے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت اداروں کو خریدنے میں ناکام ہوگئی تو سازش کا الزام لگادیا ،ْفوج اور سپریم کورٹ پر انگلیاں اٹھائی جانے لگیں ۔پی ٹی آئی چیرمین نے سانحہ احمد پور شرقیہ کو انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں ایک بھی برن سنٹر نہیں جس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہی ۔پارا چنار اور کوئٹہ دھماکوں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے، اتحادی افواج کے عراق پر حملے کے بعد یہ آگ لگائی گئی جو اب پھیلتی جارہی ہے، پاکستان یہ لڑائی روکنے میں کردار ادا کرے، بہاولپور کے بعد نواز شریف کوئٹہ اور پاراچنار کیوں نہیں گئی فوج سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد میں پاراچنار کا دورہ کروں گا۔

عمران خان نے کہاکہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کا مقصد کمیشن بنانا ہے، بنیادی سہولیات پر پیسہ خرچ نہیں کیا جارہا، نواز شریف کا بیرونی دوروں کا یومیہ خرچہ 27 لاکھ روپے ہے لیکن ان دوروں سے پاکستانیوں کو کیا ملتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات