ضلعی ٹاسک فورس کا خطرناک جھولوں کے خلاف کریک ڈائون، 50 سے زائد جھولے قبضے میں لے لئے

بدھ 28 جون 2017 19:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ کی ہدایت پر عید الفطر کے تینوں روز ضلعی ٹاسک فورس نے شہر بھر میں خطر ناک جھولوں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کیا اور 50سے زائد جھولے اور جمپنگ سٹینڈ قبضے میں لے لئے۔ ٹاسک فورس نے چناب پارک ، جناح پارک اور شاہ شمس پارک سمیت مختلف پارکوں کا بھی وزٹ کیا اوراپنی نگرانی میں جھولوں کو بند کرایا۔

(جاری ہے)

ٹاسک فورس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر مدثر فارقلیط ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق ڈوگر، جنرل اسسٹنٹ ریونیو ملک عطاء الحق اور سول ڈیفنس آفیسر فاطمہ بی بی شامل تھیں۔ ٹاسک فورس کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر صدر مدثر فارقلیط نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہریوں اور بچوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے خطر ناک جھولوں کو فوری بند کرنے کا حکم دیا تھا جس پر ضلعی انتظامیہ نے تمام پارکوں اور گلی محلوں کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بناتے ہوئے جھولے چلنے نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے بھر پور اقدامات کی بدولت عید الفطر پر مثالی امن وامان کی فضاء برقرار رہی۔