اٹک میں میجر گروپ اور پی ٹی آئی کا اتحاد بھی مسلم لیگ (ن) کو کامیابی سے نہیں روک سکتا

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 28 جون 2017 18:50

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اٹک میں میجر گروپ اور پی ٹی آئی کا اتحاد بھی مسلم لیگ (ن) کو کامیابی سے نہیں روک سکتا، اس سے پہلے بھی مسلم لیگ (ن) اٹک میں کئی اتحادیوں کو شکست دی ہے، این اے 57 تحصیل اٹک اور تحصیل حضرو میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے جارہے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف سازشوں کا سلسلہ شروع ہے، 2018ء میں مخالفین کو 20 کروڑ عوام کے سامنے پیش ہونا ہو گا، قوم جانتی ہے کہ ہمیشہ ملک کی ترقی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے موقع پر حضرو اٹک کے سینئر صحافیوں سے ایک انٹرویو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود، شیخ سلیمان سرور، شیخ غلام صمدانی، طلال بٹ اور حامد قدوس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جب بھی اقتدار ملا ہمارے خلاف سازشیں کی گئی، اٹک سمیت ملک بھر میں ترقی صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی یہی وجہ ہے کہ آج اٹک میں زرعی یونیوسٹی کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے۔

میڈیکل کالج کی منظوری بھی ہوچکی ہے، ان چار سالوں کے دوران تحصیل حضرو 126 دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی جا چکی ہے، تحصیل اٹک میں بھی سوئی گیس کی فراہمی اور بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018کے الیکشن مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، اٹک میں میجر گروپ اور پی ٹی آئی کے اتحاد سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ اٹک کے عوام دونوں گروپوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اٹک میں ہسپتالوں میں ہر قسم کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :