سانحہ پارا چنارکے متاثرین کی بلاتفریق مدد کی جائے گی

واقعہ میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی ہو گی، سانحہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ

بدھ 28 جون 2017 18:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کہا ہے کہ موجودہ حادثات کو دانستہ فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے، پاکستان کے دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے، حالیہ واقعات کو دہشت گردی اور نسلی منافرت کا رنگ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ٹوئیٹ کے مطابق آرمی چیف نے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سانحہ پارا چنارکے متاثرین کی بلاتفریق مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار واقعہ میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی ہو گی، اس سانحہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں، یہ ایک عظیم نقصان ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کہا کہ موجودہ حادثات کو دانستہ فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے، پاکستان کے دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم سب کو اس گمراہ کن مہم سے آگاہ رہنا چاہئے، پاک فوج کیلئے ہر شہید اور زخمی کی جان بلا تفریق برابر اور قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، حالیہ واقعات کو دہشت گردی اور نسلی منافرت کا رنگ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ ہم سب ایک دوسرے کی مذہبی اقدار اور اقلیتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، کسی کو بھی فاٹا کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :