مسلم ممالک پر سفری پابندیوں سے امریکا زیادہ محفوظ نہیں ہوگا، ایران

انتہاپسندی کو فروغ دینے والی پالیسیز کے بجائے امریکا انتہا پسندی کے خلاف حقیقی جنگ میں شامل ہوجائے،جواد ظریف

بدھ 28 جون 2017 18:40

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء)ا یران نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک پر سفری پابندیوں سے امریکا زیادہ محفوظ نہیں ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسلمان ممالک پر سفری پابندیوں سے متعلق امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلمانوں پر پابندی امریکا کو محفوظ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی کو فروغ دینے والی پالیسیز کے بجائے امریکا انتہا پسندی کے خلاف حقیقی جنگ میں شامل ہوجائے۔گزشتہ دنوں امریکی سپریم کورٹ نے صدر ٹرمپ کے سفری پابندی کے حکم نامے کو جزوی بحال کر دیا تھا، ٹرمپ کے حکم نامے میں چھ مسلم ممالک پر نوے روز کی سفری پابندی عائد کی گئی ہے اور پناہ گزینوں پر بھی 120 روزہ پابندی عائد کرنے کا کہا گیا ہے۔