بلجیم ،ْ جرائم میں کمی، سائبر کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ

بدھ 28 جون 2017 18:20

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء)بلجیم میں عمومی جرائم کی شرح میں کمی تاہم سائبر کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ ہوگیاہے ۔یہ بات وزارت داخلہ اور پولیس کی جانب سے سالانہ جرائم سے متعلق اعدادوشمار پر مشتمل ایک رپورٹ میں بتائی گئی ،ْرپورٹ کے مطابق عمومی جرائم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی طور پر 5 اعشاریہ ایک فیصدکمی دیکھنے میں آئی ۔

رپورٹ کے مطابق کار چوری اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں بالترتیب 17 فیصد اور 12 فیصد بلخصوص کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

ماہرین اور پولیس ذرائع کے مطابق اس کمی کی ایک اہم وجہ سرکاری اور غیر سرکاری کیمروں اور گارڈز کی تعداد میں اضافہ ہے ۔دوسری جانب بلجیم میں دہشت گردی کے کیسز میں 25 فیصد اضافہ ہواہے جہاں اس سال مقدمات کی تعداد بڑھ کر 732 ہو چکی ہے ،ْاسے خاصہ بڑا اضافہ کہا جارہا ہے ،ْاسی طرح سائبر کرائم سے متعلق درج کرائی گئی شکایات میں بھی 11 فیصد کا اضافہ ہواہے ۔سائبر کرائم کے ماہرین کے مطابق یہ درج شدہ اعدادوشمار اس شعبے میں ہونے والے جرائم کا ایک بہت معمولی حصہ ہیں ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہیومن ٹریفکنگ میں بھی گزشتہ سالوں کے مقابلے میں ایک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔